انتخابات سے قبل عہدہ صدارت سے دستبردار نہ ہونے پر زرداری کی پیشیمانی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-21

انتخابات سے قبل عہدہ صدارت سے دستبردار نہ ہونے پر زرداری کی پیشیمانی

صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہاکہ 11مئی کو منعقدہ عام انتخابات میں پارٹی کی کارکردگی میں بہتری کو یقینی بنانے کیلئے انہیں اپنے عہدہ سے دستبردار ہوکر پاکستان پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم کی قیادت کرنی چاہئے تھی۔ لاہور میں گذشتہ شب اپنی رہائش گاہ پر ساؤتھ ایشین فری میڈیا اسوسی ایشن(سافما) کے ایک وفد کے ساتھ بات چیت کے دوران انہوں نے یہ خیال ظاہر کیا۔ مرکز میں 5سال تک حکمرانی کرنے والی پارٹی پی پی پی کو 11مئی کو انتخابات میں پی ایم ایل (نواز) نے جڑ سے اکھاڑ پھینکا۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم قائد سے محروم ہوگئی تھی جس کے اسباب میں ان کے دستوری عہدہ کے علاوہ دیگر عوامل بھی شامل تھے۔ زرداری نہ تو خود ہی انتخابی مہم کی قیادت کرسکے اور نہ ہی فرزند بلاول بھٹو زرداری انتخابی مہم کے دوران کہیں نظر آئے۔ ان اسباب کی بناء پر پی پی پی پاکستانی صوبہ پنجاب میں صحیح ڈھنگ سے انتخابی مہم چلانے میں ناکام رہی۔ اسباب میں طالبان کی دھمکیوں کے علاوہ عدلیہ کی جانب سے پارٹی کی مخالفت بھی شامل تھی۔ زرداری نے وضاحت کی کہ پارٹی بیک وقت کثیر محاذوں اور مورچوں پر مقابلہ میں ناکام رہی۔ انتخابی مہم عروج پر تھی کہ پی پی پی قائد یوسف رضا گیلانی کے فرزند علی حیدرکا اغواء ہوگیا اور گیلانی کی تمام توجہات اسی پر مرکوز ہوکر رہ گئیں۔ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف عدالتی مقدموں میں الجھے رہے اور دیگر اعلیٰ قائدین نے کسی نہ کسی جوازپر انتخابی مہم سے علیحدگی اختیار کرلی۔ عام انتخابات میں ناکامی کے اسباب میں زرداری نے بجلی بحران کو بھی شامل بتایا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی حکومت بجلی بحران سے نمٹنے میں ناکام رہی جس کے سبب پارٹی شکست سے دوچار ہوئی۔ انتخابات میں شفافیت پر شک و شبہ کا اظہار کرتے ہوئے زرداری نے کہاکہ اس عمل میں رٹرننگ آفسروں نے اہم رول ادا کیا ہے۔ زرداری نے بتایا تحفظات کے باوجود پارٹی نے شکست تسلیم کرلی ہے اور اب اس کے اسباب پر تبادلہ خیال ہوگا۔ زرداری نے یہ بھی بتایاکہ وہ انتخابات میں کامیاب ہونے والی پارٹی کے قائدکو حلف ضرور دلائیں گے۔ انہوں نے بتایاکہ دوسری سب سے بڑی جماعت قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعت ہوگی۔ انہوں نے یہ وضاحت بھی کردی کہ اگر پاکستان تحریک انصاف دوسری سب سے بڑی پارٹی کی حیثیت سے ابھری ہوتی تو بھی ان کیلئے یہ کسی مسئلہ کا سبب نہ بنتا۔ زرداری نے بتایاکہ پارٹی کا ایک اجلاس آج ہی منعقد ہوگا جس میں پارٹی کی ناقص کارکردگی کے اسباب کا احاطہ کیا جائے گا۔ پی پی پی بہراحال ہمیشہ سرگرم رہے گی کیونکہ اسے سیاسی منظرنامہ سے خارج کرنا ناممکن ہے۔ زرداری کل ہی لاہور پہنچے جہاں وہ آج پنجاب کے طول و عرض سے آئے پی پی پی قائدین سے ملاقات کریں گے۔

I should have quit presidency to lead PPP in polls: Zardari regrets

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں