اسپاٹ فکسنگ میں داؤد ابراہیم ملوث - دہلی پولیس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-29

اسپاٹ فکسنگ میں داؤد ابراہیم ملوث - دہلی پولیس

دہلی پولیس نے آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے سلسلہ میں انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے پہلو کو نمایاں کیا جبکہ معطل کرکٹرس ایس سری سانت اور اجیت چنڈیلا کے علاوہ دیگر 2سٹے بازوں کو دہلی کی عدالت نے 4جون تک عدالتی تحویل میں دے دیا۔ چیف میٹرو پولٹین مجسٹریٹ لوکیش کمار شرما نے دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کی درخواست قبول نہیں کی جس میں سری سنت کو تفتیش کیلئے مزید 2دن تحویل میں توسیع کرنے کی خواہش کی گئی تھی۔ دہلی عدالت میں بحث کے دوران سینئر پبلک پراسکیوٹر راجیو موہن نے بتایاکہ مختلف کالس کاتجزیہ کرنے پر یہ اندازہ ہوا ہے کہ کئی بڑی شخصیات اس میں ملوث ہوسکتی ہیں۔ اس کے علاوہ داؤد ابراہیم کو بھی فون کالس کئے گئے تھے۔ پولیس کو بعض روابط کا پتہ نہیں چل پارہا ہے اور وہ اس ضمن میں کوشش جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس سارے معاملے میں بعض روابط کا پتہ نہیں چل سکا۔ پراسکیوٹر نے کہاکہ کئی بڑی شخصیتیں اس میں ملوث ہیں جن کا وہ اس مرحلہ پر انکشاف نہیں کرسکتے اور یہ سب ڈی کمپنی کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھے ہوئے تھے۔ عدالت نے راجستھان رائلس کے کھلاڑی انکت چوہان کی درخواست ضمانت بھی مسترد کردی جبکہ سری سانت کی ضمانت کی درخواست پر 4جون کو سماعت ہوگی۔ سری سانت کو تہاڑ جیل نمبر ایک میں رکھا گیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ انہیں چونکہ عدالتی تحویل میں دیا گیا ہے اس لئے دہلی کی تہاڑ جیل منتقل کیا جارہا ہے۔

Delhi Police bring Dawood angle in IPL spot-fixing scandal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں