28/مئی نئی دہلی یو۔این۔آئی
بی جے پی نے آج رکن راجیہ سبھا و سینئر قانون داں رام جیٹھ ملانی کو "مخالف پارٹی" بیانات اور "ڈسپلن شکنی" کی پاداش میں 6سال کیلئے ابتدائی رکنیت سے خارج کردیا۔ جیٹھ ملانی نے اس وقت کے بی جے پی صدر نتن گڈکری پر پورتی گروپ آف کمپنیز کے اسکینڈل کے سلسلہ میں تنقید کی تھی۔ بی جے پی جنرل سکریٹری اننت کمار نے جیٹھ ملانی کو لکھا کہ پارٹی کے مرکزی پارلیمانی بورڈ نے ان کے تمام جوابات پر غور کے بعد متفقہ طورپر یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ وہ ڈسپلن شکنی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ کمار نے کہاکہ بی جے پی کے مرکزی پارلیمانی بورڈ نے 26 نومبر 2012ء کو آپ کو نو ٹس وجہ نمائی کی تھی اور اندرون 10یوم آپ سے جواب مانگا تھا کہ نوٹس میں درج الزامات کے سلسلہ میں آپ کے خلاف تادیبی کارروائی کیوں نہ کی جائے۔ کمار نے کہاکہ 10 دن کی اس مہلت میں ایک ای میل کے ذریعہ توسیع کی گئی اور ان سے کہا گیا کہ وہ 5دسمبر 2012ء تک جواب دیں۔ 2دسمبر 2012ء کو آپ کا جواب آیا جس میں آپ نے کئی سوالات اٹھائے لیکن نوٹس وجہ نمائی کا راست جواب نہیں دیا۔ آپ نے پارٹی کے عہدیداروں کے خلاف کئی جھوٹے الزامات عائد کئے۔ BJP throws out Jethmalani
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں