انتخابی ریالی میں بم دھماکہ - 15 ہلاک اور 70 زخمی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-07

انتخابی ریالی میں بم دھماکہ - 15 ہلاک اور 70 زخمی

پاکستان میں 11مئی کو ہونے والے تاریخی انتخابات سے قبل اس ملک کے وسطی علاقہ میں آج ایک سیاسی جماعت کی ریالی طاقتور بم دھماکہ سے دہل گئی۔ جس کے نتیجہ میں کم سے کم 15افراد ہلاک اور دیگر 70زخمی ہو گئے ۔ وسطی خرم علاقہ کے ایک مددگار سیاسی ایجنٹ محمد فضل نے کہاکہ دائیں بازو کی تنظیم جمعیت العلماء اسلام (فضل) کی ایک ریالی کے دوران یہ مہلک دھماکہ ہوا جس میں کم سے کم 15لوگ ہلاک ہو گئے ۔ اطلاعات کے مطابق دیگر 20افراد زخمی بھی ہو گئے ہیں ۔ یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب ایک مدرسہ میں جہاں یہ ریالی منعقد ہورہی تھی طاقتور دھماکہ کیا گیا۔ جمعیت العلماء اسلام(ف) کے منیر خان اور کزائی کے انتخابی جلسہ میں یہ دھماکہ ہوا جس میں وہ معمولی طورپر زخمی ہو گئے ۔ علاوہ ازیں ایک اور امیدوار عین الدین شا کر بھی معمولی طورپر زخمی ہو گئے ۔ ہنگامی اور امدادی عملہ مقام واردات پر پہنچ چکا ہے جہاں سے زخمیوں کو قریبی دواخانہ منتقل کر دیا گیا۔ سکیورٹی فورسس نے علاقہ کی ناکہ بندی کر دی اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ پاکستان میں تاریخی عام انتخابات کے لئے گذشتہ ماہ سے شروع ہوئی انتخابی مہم کے دوران یہ پہلا موقع تھا کہ قبائلی علاقہ میں کسی سیاسی جماعت کو اس قسم کے مہلک بم حملہ کا نشانہ بنایا گیا ہے ۔ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم ہزار خان کھوسو نے ان دھماکوں کی سخت مذمت کی اور کہاکہ اس قسم کے حرکات دہشت گردی کے خلاف ملک کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے ۔ جمعیت العلمائے اسلام کے صدر مولانا فضل الرحمن نے بھی بے قصور افرادکی ہلاکتوں کی بھی مذمت کی ہے ۔

Bomb blast at election rally in Pakistan, 15 killed

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں