بنگلہ دیش ملبوسات فیکٹری میں مہیب آتشزدگی - 8 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-10

بنگلہ دیش ملبوسات فیکٹری میں مہیب آتشزدگی - 8 ہلاک

بنگلہ دیش میں ایک گارمنٹ فیکٹری کی کئی منزلیں آگ کی شدید لپیٹ میں آگئیں جس کے نتیجہ میں 8افراد بمشول فیکٹری کے منیجنگ ڈائرکٹر‘ ایک اعلیٰ پولیس عہدیدار اور حکمراں جماعت سے وابستہ سیاست داں ہلاک ہوگئے۔ یہ حادثہ ایسے وقت پیش آیا جب کہ دو ہفتے قبل بدترین صنعتی سانحہ کے اثرات ابھی برقرار ہیں جس میں ہمہ منزلہ عمارت کے انہدام کی وجہہ سے تقریباً 900ہلاک ہوچکے ہیں۔ فائر سرویس اور پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے بتایا کہ کل رات 11منزلہ عمارت کی 9ویں منزل میں منیجنگ ڈائرکٹر آفس میں میٹنگ ہورہی تھی کہ اچانک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ اس ہمہ منزلہ عمارت میں فیکٹری اور رہائشی مکانات واقع ہیں۔ منیجنگ ڈائرکٹر تونگ ہائی سوئٹر فیکٹری محبوب الرحمن‘ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس زیڈ اے مرشد اور عوامی لیگ یوتھ ونگ لیڈر سہیل مصطفی سواپن مہلوکین میں شامل ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ کامپلکس کے کئی فلورس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی تاہم جانی نقصانات بہت کم ہوئے کیونکہ جس وقت یہ حادثہ پیش آیا تب فیکٹری بند تھی۔ حادثہ کے مقام پر موجود فیکٹری کے سپر وائزر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو یہ بات بتائی۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ برقی شارٹ سرکٹ کی وجہہ سے یہ آگ بھڑک اٹھی۔ انہوں نے کہا کہ شارٹ سرکٹ کا واقعہ سیکنڈ فلور پر پیش آیا اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے تیسری اور چوتھی منزل کو لپیٹ میں لے لیا جہاں فیکٹری واقع تھی۔ 5افراد کو ڈھاکہ میڈیکل کالج ہاسپٹل منتقل کیاگیا جنہیں ڈاکٹرس نے مردہ قرار دیا۔ ان میں سے بعض دم گھٹنے کے سبب فوت ہوئے مقامی میڈیا کی اطلاع کے مطابق تقریباً 13 فائر ٹنڈرس نے 2گھنٹے طویل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ بنگلہ دیش نے 2ہفتہ قبل پیش آئے سانحہ کے بعد 18 گارمنٹ فیکٹریز کو عارضی طورپر بند کردیاتھا تاکہ حفاظتی پہلوؤں کے بارے میں بین الاقوامی مارکٹ اور انسانی حقوق گروپس کے اندیشوں کا ازالہ کیا جاسکے۔ اس دوران ڈپٹی ڈائرکٹر فائر سرویس مامون محمود نے بتایاکہ فیکٹری میں سوئٹر تیار کرنے کیلئے جو دھاگے اور دیگر Acrylic مصنوعات رکھی ہوئی تھیں اس کی وجہہ سے آگ تیزی سے پھیل گئی۔ انہوں نے کہاکہ لوگ خوف کے عالم میں سیڑھیوں سے اترنے کی کوشش کررہے تھے اور ان میں سے بعض کی دم گھٹنے کی وجہہ سے موت واقع ہوگئی۔

Bangladesh garment factory fire kills 8

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں