بشارالاسد حکومت نے کیمیائی ہتھیار استعمال کیے - امریکہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-08

بشارالاسد حکومت نے کیمیائی ہتھیار استعمال کیے - امریکہ

ایسے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہ شامی اپوزیشن نے گذشتہ سال کی عوامی بغاوت کے دوران کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا، وائٹ ہاوز نے کہا ہے کہ یہ امر زیادہ ممکن ہے کہ ان ہتھیاروں کو اسد حکومت کی جانب سے استعمال کیا گیا ہے ۔ وائٹ ہاوز پریس سکریٹری جے کارنی نے کل کہا کہ امریکہ کو یہ باتیں نہایت مشکوک معلوم ہوتی ہیں کہ اپوزیشن کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کر سکتی ہے ۔ کارنی نے اپنی روزانہ کی نیوز کانفرنس میں بتایاکہ "اس معاملے کی حقیقت یہ ہے جیسا کہ ہم کہہ چکے ہیں اور میں نے بارہا اظہار کیا ہے ہمیں یہ باتیں نہایت مشکوک معلوم ہوتی ہیں کہ اپوزیشن کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کر سکتی ہے یا کر چکی ہے ۔ ہمیں یہ بات عین ممکن نظر آتی ہے کہ شام میں اگر کیمیائی ہتھیار کا استعمال ہوا ہے تو اسد حکومت کی جانب سے کیا گیا، اور یہی بدستور ہمارا موقف ہے "۔ اس کے برخلاف شام میں جنگی جرائم کی تحقیقات کیلئے قائم اقوام متحدہ کے خصوصی کمیشن کی ایک رکن نے کہا ہے کہ شامی باغیوں نے کیمیائی تھیار استعمال کئے ہیں ۔ سوئزر لینڈ کے سرکاری براڈ کاسٹر "ایس آر ایف" کو خصوصی انٹرویو میں کار لاڈے پونٹے نے کہاکہ متاثرہ افراد سے ملنے والی معلومات کے مطابق باغیوں نے کیمیائی ہتھیار سارن گیس کا استعمال کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ شبہات مضبوط ہیں مگر مصدقہ نہیں ۔

Syria's Assad Likely Behind Chemical Weapons Use, White House

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں