خواجہ غریب نواز 801 ویں عرس تقریب - دہشت گردی مخالفت کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-18

خواجہ غریب نواز 801 ویں عرس تقریب - دہشت گردی مخالفت کا اعلان

برصغیر ہند کی نمایاں درگاہوں، آستانوں، خانقاہوں کے روحانی رہنماؤں نے آج یہاں دہشت گردی کے خلاف ایک قرارداد منظور کی۔ صوفی سنت حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کی درگاہ پر خانقاہ میں روحانی لیڈروں کی یہ میٹنگ درگاہ کے دیوان اور خواجہ معین الدین حسن چشتیؒ کے جانشین سید زین العابدین احمد خان کی صدارت میں خواجہ غریب نواز رحمۃ اﷲ علیہ کے 801ویں عرس کے موقع پر منعقد ہوئی۔ دیوان سید زین العابدین خان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ بے گناہ لوگوں کو ڈرانے سے لے کر قتل کرنے تک کسی بھی صورت میں دہشت گردی غیر اسلامی ہے اور انسانیت کے خلاف ہے۔ انہوں نے صوفی سنتوں کے پیرو کاروں سے کہاکہ وہ دہشت گردی کی لعنت کا مقابلہ کریں۔ واضح رہے کہ ہندوستان، پاکستان اور بنگلہ دیش پر مشتمل برصغیر ہند میں ہندوستانی مسلمانوں کی بھاری اکثریت صوفی مزاج رکھتی ہے۔ لوگ بزرگان دین کے مزارات پر حاضری دیتے ہیں اور ان روحانی مراکز سے فیض حاصل کرتے ہیں۔ پاکستان میں وفاقی انتخابات کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان حالیہ وارداتوں کا حوالہ دیتے ہوئے سید زین العابدین احمد خان نے کہاکہ پاکستان میں ابھرتی ہوئی نئی قیادت کی طرف سے وزیراعظم منموہن سنگھ کے ساتھ مل کر نئی امن ترغیب شروع کرنے کا وہ خیرمقدم کرتے ہیں لیکن پاکستان کو 2ہندوستانی فوجیوں کا سر قلم کرنے کی اور پاکستان کی جیل میں ہندوستانی قید سربجیت سنگھ پر حالیہ وحشیانہ حملہ اور اسپتال میں ان کی موت کی واردات سے پیدا شدہ اعتماد کے فقدان کو دور کرنا ہوگا۔ بریلی شریف، گلبرگہ شریف، آندھراپردیش کے ہل کٹا شریف، گجرات کے امیٹھا شریف، بہار کے پھلواری شریف، یوپی کے کچھو چھہ شریف، اتراکھنڈ کے گنگوہ شریف اور حضرت نظام الدین اولیا کی درگاہ کے صوفی سربراہوں سمیت بڑی تعداد میں علماء، مشائخ ، پیرزادگان اور سجادگان نے خواجہ غریب نوازؒ کے عرس میں شرکت کی۔

801th Urs Khwaja Garib Nawaz at Ajmer

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں