نئی دہلی - مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور وزیر خزانہ عوامی تشدد کا شکار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-10

نئی دہلی - مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور وزیر خزانہ عوامی تشدد کا شکار

نئی دہلی۔(پی ٹی آئی) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی اوران کے وزیر فینانس امیر مترا کو آج سی پی آئی ایم کے غیض و غضب کا نشانہ بننا پڑا اور پارٹی کی طلباء شاخ کے کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے منصوبہ بندی کمیشن کے باہر وزیر فینانس کے ساتھ دھکم پیل کی۔ سی پی آئی ایم اور ایس ایف آئی سے تعلق رکھنے والے کوئی 150 احتجاجیوں نے چیف منسٹر اور مترا کے بشمول دوسرے وزراء کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ ریاست کے سالانہ منصوبہ پر غور کیلئے سہ پہر 3:45 بجے منصوبہ کمیشن کے کامپلکس پر پہنچے۔ ممتا بنرجی جنہیں پولیس نے مشورہ دیا تھا کہ وہ اپنی کار سے باہر نہ نکلیں، نعرے لگانے والے اور پلے کارڈ لہرانے والے ہجوم کے درمیان سے ہوتی ہوئی عمارت کے اندر داخل ہوئیں۔ چیف منسٹر کو پولیس نے فوری تحفظ فراہم کیا لیکن مترا کو کارکنوں کے غیض و غضب کا نشانہ بننا پڑا جو گذشتہ ہفتہ کولکتہ میں پولیس تحویل میں ایس ایف آئی رکن سدیپتو گپتا کی موت کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ ممتا بنرجی نے برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ غیر مہذب رویہ ہے۔ 65 سالہ وزیر فینانس کو دھکیل دیا گیا اور ان کے ساتھ دھکم پیل کی گئی جب وہ یوجنا بھون کی عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے۔ ممتا بنرجی اس واقعہ کے بعد علیل ہوگئی اور انہیں آکسیجن دیا گیا جب کہ ان کے وزیر فینانس امیت مشرا کو بعض میڈیکل ٹسٹ کیلئے ایمس میں رکھا گیا ہے۔ ممتا بنرجی کے قریبی ذرائع نے بتایاکہ انہوں نے آج شام وزیراعظم منموہن سنگھ سے اپنی ملاقات منسوخ کردی ہے کیونکہ ان کی طبعیت ٹھیک نہیں ہے۔ انہیں ساوتھ اوینیو میں واقع ان کے مکان پر آج شام کچھ دیر کیلئے آکسیجن دیا گیا جب کہ مترا کو بعض طبی معائنوں کیلئے ایمس لے جایا گیا۔ مترا کو آج رات ہاسپٹل میں شریک کیا گیا اور انہیں بعض ٹسٹوں کے بعد چہارشنبہ کو ڈسچارج کیا جائے گا۔ اس دوران کولکتہ میں سی پی آئی ایم نے الزام لگایا ہے کہ پورے مغربی بنگال میں حکمران ترنمول کانگریس کے کارنوں نے اس کے دفاتر پر حملے کئے ہیں۔ ہوگلی، ہاوڑہ، ہانکورہ، بیربھوم، شمالی اور جنوبی 24پرگنہ، ناڈیا، کوچ بہاراور دارجلنگ ضلعوں میں حملے کئے گئے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں