شاردہ گروپ کے سربراہ سدپتوسین مغربی بنگال پولیس کو مطلوب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-20

شاردہ گروپ کے سربراہ سدپتوسین مغربی بنگال پولیس کو مطلوب

مغربی بنگال پولیس کے انٹیلجنس برانچ نے شاردہ گروپ کے سربراہ سدپتو سین کو "مطلوب" قرار دیتے ہوئے تمام پولیس محکمے کو اس کی اطلاع فراہم کی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ آئی بی اس طرح کی کارروائی وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کرتا ہے۔ دریں اثناء جمعرات کو وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے بھی میڈیا کو یہ جانکاری دی تھی کہ سدپتو سین ملک کے شمالی علاقے میں موجود ہے، نیزکوئی خاص بات سامنے آئی تو سبھوں کو معلوم ہوجائے گی۔ وزیر اعلیٰ کے اس بیان سے میڈیا میں قیاس آرائیاں کی جانے لگی تھیں کہ سدپتو سین گرفتار کئے جاچکے ہیں۔ واضح رہے کہ سدپتو سین شاردہ پرنٹنگ اینڈ پبلیکشن پرائیوٹ لمیٹیڈ کے سربراہ اور منیجنگ ڈائرکٹر ہیں جن کی ملکیت میں بنگال پوسٹ، تارہ میوزک، تارہ نیوز، چینل ٹین، ساوتھ ایشیا ٹی وی کے علاوہ مختلف زبانوں میں شائع ہونے والے اخبارات اور رسالے شامل ہیں، جن میں خاص طورپر بنگلہ اخبار شوکا بیلہ اور قلم، اردو اخبار آزاد ہند، بنگلہ جریدہ پروما اورہندی اخبار پربھات وارتا نیز گوہاٹی سے شائع ہونے والا سیوین پوسٹ وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ سدپتو سین کی ذرائع ابلاغ سے تعلق رکھنے والی ان خصوصی خدمات میں ایک اہم خدمت یہ بھی ہے کہ انہوں نے ترنمول کانگریس کے راجہ سبھا رکن کنال گھوش کو اپنے گروپ میڈیا کے سی ای او کے عہدہ پر فائز کر رکھا ہے۔ ان خصوصی خدمات کے علاوہ حکمراں جماعت کے کئی سرکردہ لیڈروں کے ساتھ سدپتو سین کے گہرے مراسم کی چرچا بھی میڈیا میں کی جارہی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ پریسیڈینسی یونیورسٹی تنازعہ نیز میٹا برج ہنگامہ میں پولیس افسر کی موت کے نتیجہ میں ہونے والی عوامی برہمی کے بعد شاردہ گروپ کی چٹ فنڈ گڑبڑ سے حکمراں جماعت کی تصویر مزیدخراب ہونے کا اندیشہ بڑھتا جارہا تھا، اس لئے وزیراعلیٰ نے سدپتو سین کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی ہے۔

sharda group chief Sudipto Sen wanted by West Bengal Police

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں