شاردا گروپ چیرمین سدپتو سین کشمیر میں گرفتار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-24

شاردا گروپ چیرمین سدپتو سین کشمیر میں گرفتار

شاردا گروپ کے کلیدی ملزم سدپتو سین اور اس کے 2ساتھیوں کو آج کشمیر کے سون مرگ سے گرفتار کیاگیا۔ اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بدھان نگر کے پولیس کمشنر راجیو کمار نے سین کے دیگر 2ساتھیوں کی شناخت گروپ کے ڈائرکٹر دیب جانی مکھوپادھائے اور اربند سنگھ چوہان کی حیثیت سے کی۔ ان تینوں کو آج صبح سری نگر سے 80کلو میٹر دور سون مرگ کے ایک اسپتال سے گرفتار کیا گیا۔ جموں و کشمیر پولیس کی خفیہ اطلاع پر انہیں گرفتار کرنے کیلئے پولیس کا ایک خصوصی دستہ آج صبح سون مرگ پہنچا تھا۔ مسٹر کمار کے مطابق سین اور دیگر ملزمین کو کل یہاں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ حال ہی میں گھپلہ کے بے نقاب ہونے کے بعد وہ سب روپوش ہوگئے تھے۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ہزاروں کروڑ روپئے کے سردھا گروپ کے گھپلہ کی جانچ کیلئے کل رات ایک انکوائری کمیشن بٹھایا ہے۔ ریاست کی بڑی چٹ فنڈ کمپنیوں میں سے ایک سردھا گروپ حال ہی میں دیوالیہ ہوئی ہے جس سے ہزاروں افراد بے روزگار ہوئے اور ڈیپازیٹرز کروڑہا روپئے سے محروم ہوئے ہیں۔ سردھا گروپ کے سیکڑوں ایجنٹوں اور ڈیپازیٹروں نے 20اپریل کو جنوبی کولکتہ کے کالی گھاٹ میں وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کی رہائش گاہ تک مارچ کرکے سردھا گروپ کے اس کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ دریں اثناء چٹ کمپنی کی خلاف مظاہروں کی خبریں ریاست کے مختلف حصوں سے موصول ہورہی ہیں۔

sharda group chief Sudipto Sen arrested in kashmir

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں