ممبئی - بی۔ایم۔سی کے سیمی انگلش میونسپل اسکولوں کی جون سے شروعات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-24

ممبئی - بی۔ایم۔سی کے سیمی انگلش میونسپل اسکولوں کی جون سے شروعات

گرمی کی تعطیلات کے بعد نئے تعلیمی سال میں برہن میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے اپنے 250 اسکولوں کو "سیمی انگلش" کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کیلئے میونسپل اساتذہ کو برٹش کاونسل کی جانب سے تربیت بھی دی جائے گی۔ اس کا اعلان ایڈیشنل میونسپل کمشنر موہن اڑتانی نے منگل کو مسلم غیر سرکاری تنظیموں اور اداروں کے نمائندوں کے ساتھ منعقدہ میٹنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ میونسپل اسکولوں میں بند پڑی لائبریریوں اور لیبارٹیریز اور شہر کی پبلک لائبریریوں کو بھی بحال کیا جائے گا۔ اس موقع پر ایڈیشنل میونسپل کمشنر اڑتانی ین کہاکہ "بی ایم سی کے مختلف میڈیم کے اسکولوں میں امسال جون سے 250 سیمی انگلش میونسپل اسکول شروع کئے جائیں گے اور پہلے مرحلے میں پہلی، دوسری اور تیسری جماعت شروع ہوگی جن میں بچوں کے داخلے ہوں گے۔ ان میں اردو میڈیم کے 59اسکول شامل ہوں گے"۔ انہوں نے مزید کہاکہ "سیمی انگلش اسکولوں کیلئے میونسپل اساتذہ کو برٹش کاونسل کی جانب سے تربیت دی جائے گی۔ ان میں اردو میڈیم کے 87 اساتذہ شامل ہیں۔ جو اسکول سیمی انگلش (سائنس اور حساب انگریزی میں) ہوں گے، ان کے باہر ایک بورڈ لگایا جائے گا تاکہ والدین کو آگاہی ہوسکے اور وہ اپنے بچوں کو اس میں داخل کرواسکیں"۔ میٹنگ کے دوران افسر نے یہ بھی کہاکہ "میونسپل اسکولوں میں بند پڑی لائبریری اور سائنس لیباریٹری کو بحال کیا جائے گا اور ان کیلئے کتابیں خریدنے کا آرڈر بھی دیا جاچکا ہے"۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ جب سے انہوں نے ایڈیشنل میونسپل کمشنر کا عہدہ سنبھالا ہے ان کے پاس لیبارٹریز یا لائبریری کیلئے اشیاء یاکتابیں خریدنے کی فائل منظوری کیلئے پیش ہی نہیں کی گئی ہے۔ اس تعلق سے باز پرس کیلئے انہوں نے 27اپریل کو اسکولوں کے بیٹ افسروں( بی او) ایڈمنسٹریٹیو افسروں( اے او) کی میٹنگ طلب کرنے کا بھی یقین دلایا ہے۔

BMC semi english municipal schools by june

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں