سعودی نطاقہ قانون - ہند کی 9 ریاستوں کا دہلی میں اجلاس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-10

سعودی نطاقہ قانون - ہند کی 9 ریاستوں کا دہلی میں اجلاس

سعودی عرب میں ایک نئے قانون کے باعث ہندوستانیوں کی ملازمتوں سے محرومی پر فکر مند سمندر پار ہندوستانیوں کے وزیر وائیلا روی نے آج 9 ریاستوں سے کہاکہ وہ ایک بازآبادکاری پروگرام تیار کرے تاکہ خلیجی ملک سے واپس لوٹنے والوں کو روزگار حاصل ہوسکے۔ روی نے ایک میٹنگ کے بعد کہا کہ 9 ریاستوں کے نمائندوں کو آج طلب کیا گیا تھا جہاں سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد سعودی عرب میں مقیم ہے۔ ان ریاستوں سے کہا گیا کہ وہ واپس آنے والے افراد کی باز آبادکاری کیلئے منصوبہ تیار کرے۔ جن 9 ریاستوں نے اس اجلاس میں شرکت کی وہ کیرالا، آندھراپردیش، ٹاملناڈو، مغربی بنگال، راجستھان، کرناٹک، بہار، پنجاب اور اترپردیش ہیں۔ سعودی عرب کے نئے نطاقۃ قانون کے تحت مقامی کمپنیوں کیلئے یہ لازمی ہے کہ وہ ہر10 بیرونی ورکرس پر ایک سعودی شہری کو ملازمت دے۔ ایسا تاثر پایا جاتا ہے کہ نئی پالیسی سے کئی ہندوستانی ملازمتوں سے محروم ہوجائیں گے۔ سعودی عرب میں 20لاکھ سے زائد ہندوستانی برسرکار ہیں۔ سعودی حکومت ملک میں بے روزگاری کو کم کرنے کیلئے نطاقۃ قانون پر عمل کررہی ہے۔ وائیلاروی نے کہاکہ 3500 سے زائد ہندوستانی ورکرس ریاض میں ہندوستانی سفارتخانہ سے رجوع ہوئے اور ملک چھوڑنے کیلئے آوٹ پاس جاری کرنے کی درخواست کی کیونکہ انہوں نے اپنے پاسپورٹ اپنے کفیلوں کو دئیے ہیں۔

Ravi to discuss with 9 states fallout of Nitaqat

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں