آدھار کارڈ پر اب تاریخ پیدائش کا بھی اندراج ہوگا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-10

آدھار کارڈ پر اب تاریخ پیدائش کا بھی اندراج ہوگا

آدھار کارڈس پر اب کارڈ گیرندے کی تاریخ پیدائش بھی درج کی جائے گی تاکہ وہ ایسی سرکاری غیر سرکاری اسکیمات سے استفادہ کرسکے جس کیلئے عمر کی تصدیق کی ضرورت ہے۔ اب تک کارڈس پر صرف پیدائش کا سال درج کیا جارہا تھا مگر اب تاریخ پیدائش درج کرنے سے اصولی طورپر اتفاق کرلیا گیا ہے۔ ناگپور کے آر ٹی آئی کارکن اویناش پربھونے یہ بات کہی۔ انہوں نے یہ معاملہ یونیک آئی ڈینٹیفکیشن اتھاریٹی آف انڈیا (یو آئی ڈی اے آئی) اور اس کے سربراہ نندن نلیکانی سے رجوع کیا تھا۔ پربھو نے نومبر 2012ء میں پہلی بار یو آئی ڈی اے آئی توجہ مبذول کروائی تھی۔ پلاننگ کمیشن کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر جنرل سریش کمار کا ایک مکتوب 3اپریل کو انہیں موصول ہوا۔ اس مکتوب میں کہا گیا ہے کہ آج کے بعد سے آدھار کارڈس پر تاریخ پیدائش بھی درج کی جائے گی۔ کارکن نے استدلال پیش کیا کہ یو آئی ڈی کے حکام نے کہا تھا کہ آدھار نمبر سے عوام بینکنگ اور موبائیل فون کنکشن تک رسائی نیز دیگر سرکاری وغیر سرکاری خدمات سے استفادہ کرسکیں گے۔ ان تمام تیقنات سے تاثر ملتا ہے کہ آدھارکارڈ کا استعمال کرنے والے کو مختلف خدمات مہیا کرنے والوں کی خدمت سے استفادہ کیلئے دوسرا کارڈ پیش کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ مزید برآں قبل ازیں جاری کردہ کارڈس کی حد بندیاں بھی ختم ہوجائیں گی۔ تاہم تاریخ پیدائش کے بغیر آدھار کارڈ جاری کئے جارہے ہیں حالانکہ اندراج کے وقت اس ضمن میں دستاویزی ثبوت پیش کیا جاتاہے۔ تاریخ پیدائش کے عدم اندراج سے افراد کو ان سہولیات سے استفادہ میں مشکلات درپیش ہیں جن کیلئے عمر کے صداقت نامہ کی ضرورت ہے۔

Date of birth to be incorporated in 'Aadhaar' cards

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں