مسلمانوں سے کیے گئے وعدے 2014 سے قبل پورے کیے جائیں - امام بخاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-21

مسلمانوں سے کیے گئے وعدے 2014 سے قبل پورے کیے جائیں - امام بخاری

اترپردیش کے مسلمانوں کو نظر انداز کرنے اور انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں کو پورانہ کرنے والی سماج وادی پارٹی کی حکومت کے خلاف شاہی امام سید احمد بخاری نے مورچہ کھولنے کا اعلان کیا ہے جس کا آغاز اٹاوہ سے کیا جا رہا ہے ۔ اپنے اعلان کے مطابق امام بخاری 21!اپریل کو ملائم سنگھ کے حلقہ خاص سے اپنی تحریک شروع کریں گے ، اس کے بعد وہ پورے اترپردیش میں اکھلیش حکومت کی خامیوں کو اجاگرکریں گے ۔ اٹاوہ کے احتجاجی مظاہرے میں نمیش کمیشن کے شائع نہ ہونے اور ڈی ایس پی ضیاء الحق کے مسئلہ کو بھی اٹھایا جائے گا۔ امام بخاری اتوار کی صبح شاہی جامع مسجد دہلی سے اٹاوہ کیلئے روانہ ہوں گے جبکہ اطراف کے لوگ امام بخاری کا اٹاوہ میں استقبال کریں گے ۔ واضح رہے کہ سماج وادی پارٹی کی حمایت کرنے والے شاہی امام گذشتہ ایک مہینے سے حکومت اترپردیش کافی ناراض ہیں ۔ ناراضگی کی وجہہ سماج وادی پارٹی کے ذریعہ مسلمانوں کو نظر انداز کیا جانا بتایا جاتا ہے ۔ سماج وادی پارٹی سے اپنی علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے امام بخاری نے کہا تھاکہ جس حکومت میں مسلمان محفوظ نہ ہو وہ حکومت ہمیں قابل قبول نہیں ۔ امام بخاری کا کہنا ہے کہ اسمبلی انتخابات سے قبل سماج وادی پارٹی نے اپنے انتخابی منشور میں مسلمانوں کے حق میں جو وعدے کئے تھے ان پر قطعی طورپر عمل نہیں ہورہا ہے جس سے یوپی کا مسلمان کافی بددل ہورہا ہے لیکن اقتدار میں بیٹھی سماج وادی پارٹی اس بات کو سمجھنے کیلئے تیار نہیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں