ملک پیٹ میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح - صدر مجلس اسد اویسی کی تقریر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-21

ملک پیٹ میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح - صدر مجلس اسد اویسی کی تقریر

بیرسٹر اسد الدین اویسی صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد نے کہا ہے کہ مجلس نے کہا ہے کہ مجلس نے انتخابات سے قبل حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کے عوام سے بنیادی سہولتوں کی فراہمی سے متعلق جو وعدے کئے تھے ان وعدوں کو ترجیحی بنیاد پر پورا کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اسمبلی و پارلیمنٹ کے علاوہ کارپوریشن کے انتخابات میں عوام نے جن امیدوں کے ساتھ مجلس کے اراکین کو منتخب کیا تھا اور ہم عوام کی امیدوں پر کھرے اترنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ صدر مجلس آج صبح قدیم ملک پیٹ کے شعیب میموریل گراونڈ کے قریب 70 لاکھ کی لاگت سے تعمیر کئے جانے والے ایم پی 3پائپ لائن کے کاموں کو سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ بیرسٹر اویسی نے کہاکہ اﷲ کا بہت بڑا کرم ہے کہ مجلس کی نمائندگی پر حلقہ ملک پیٹ میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام انجام دئیے جا رہے ہیں ۔ بیرسٹر اویسی نے کہاکہ مجلس کی نمائندگی پر ہی جی ایچ ایم سی کے ہر کارپوریٹر کے بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ اس موقع پر صدر مجلس بیرسٹر اسد الدین اویسی نے مسلم اقلیت سے متحد اور منظم رہنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہاکہ شہر میں فرقہ پرست طاقتیں کسی نہ کسی طریقہ سے اپنی طاقت کا مظاہرہ کر رہے ہیں ۔ سنگھ پریوار بالخصوص بی جے پی کی یہ پوری کوشش ہے کہ آئندہ انتخابات میں ملک میں سیکولر حکومت بن نہ پائے اور فرقہ پرست طاقتوں کو مضبوط کیا جائے ۔ بیرسٹر اویسی نے عوام سے اپیل کی کہ سیکولر طاقتوں کو مضبوط کرنے کیلئے آگے آئیں ۔ انہوں نے بتایاکہ اسمبلی و پارلیمنٹ کے انتخابات کسی بھی وقت منعقد ہو سکتے ہیں ۔ اس لئے ہمیں اب سے ہی تیار رہنے اور اپنے سیاسی شعور کا بہترین طریقہ سے مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مجلس کو شکست دینے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے ۔ کبھی ہمیں متنازعہ تقاریر کے نام پر گرفتار کیا جاتا ہے تو کبھی 8سال پرانے مقدمہ کو پھر سے زندہ کرتے ہوئے حراست میں لیا جاتا ہے ۔ ہم بشمول کانگریس، تلگودیشم کسی بھی پارٹی سے مقابلہ کرنے تیار ہیں ۔ ہم کسی سے ڈرنے اور گھبرانے والے نہیں ہیں اور پیچھے ہٹنا مجلس کی فطرت میں نہیں ہے ۔ مجھے مکمل یقین ہے کہ ہمارے اخلاق اور جستجو ہمیں آئندہ انتخابات میں عظیم الشان کامیابی عطا کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ مجلسی اراکین انتخابات میں صرف و وٹوں کی بنیاد پر ہی کامیاب نہیں ہوتے ۔ ان کے ساتھ لاکھوں مسلمانوں کی دعائیں بھی ساتھ رہتی ہیں ۔ بیرسٹر اسد الدین اویسی نے کہاکہ جن حلقوں میں مجلس کی نمائندگی ہے وہاں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام انجام دئیے جا رہے ہیں ۔ اس کے باوجود عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے مسلمانوں کو آدھار کارڈ بنانے کی ترغیب دی ہیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں