نئی دہلی تا تلک برج - مزید دو ریلوے لائنوں کا منصوبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-14

نئی دہلی تا تلک برج - مزید دو ریلوے لائنوں کا منصوبہ

کئی ٹرینیں اپنے مقررہ وقت پر دہلی میں داخل ہونے کے باوجود نئی دہلی اسٹیشن پر تاخیر سے پہنچتی ہیں ، اس دقت کو دور کرنے کیلئے ریلوئے انتظامیہ نے تلک برج سے نئی دہلی ریلوئے اسٹیشن کے درمیان مزید 2لائینں بچھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے مشرق کی سمت سے آنے والی ٹرینیں بغیر کسی وقفے کے نئی دہلی ریلوئے اسٹیشن پر پہنچ جائیں گی۔ واضح رہے کہ فی الحال لائن خالی نہ ملنے کی وجہہ سے ٹرینوں کو تلک برج اسٹیشن پر روکنا پڑتا ہے۔ ان لائنوں کے بچھنے کے بعد نئی دہلی سے تلک برج کے درمیان 6لائنیں ہوجائیں گی، ان لائینوں کیلئے "منٹو برج" کو بھی چوڑا کیا جائے گا۔ یہ کام آئندہ سال تک مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔ واضح رہے کہ کانپور، لکھنؤ، پٹنہ اور ہاوڑہ سمیت ملک کے مشرقی علاقوں کی جانب سے آنے والی طویل مسافت کی ٹرینوں کو اکثرنئی دہلی ریلوے اسٹیشن سے قبل تلک برج اور شیواجی برج اسٹیشن پر روک دیا جاتاہے۔ مسافروں کو شکایت ہوتی ہے کہ ٹرینیں دہلی میں اپنے مقررہ وقت پر داخل ہوتی ہیں لیکن تلک برج سے نئی دہلی تک آنے کیلئے کافی انتظار کرنا پڑتا ہے۔ کیونکہ نئی دہلی اور تلک برج کے درمیان محض 4 لائنیں ہیں اور دفتری اوقات میں ایک ساتھ کئی ٹرینوں کے آنے کی وجہہ سے آؤٹر پر ایک کے پیچھے ایک ٹرینوں کو کھڑا کرنا پڑتا ہے۔ کئی بار تو یہ حال ہوتا ہے کہ کئی ٹرینیں ایک ایک گھنٹہ تک آوٹر پر ہی کھڑی رہتی ہیں۔ ریلوے کے افسران کا کہنا ہے کہ نئی دہلی اور تلک برج کے درمیان 2.56 کلو میٹر طویل لائن بچھائی جارہی ہے۔ حالانکہ یہ کام کافی پہلے ہونا تھا لیکن تلک برج اور شیواجی برج کے درمیان غیر قانونی قبضے کی وجہہ سے کام میں تاخیر ہوگئی۔ اب ریلوے نے اس لائن کو اس طرح بچھانے کا منصوبہ بنایا ہے کہ غیر قانونی قبضے ہٹائے بغیر ہی لائنیں بچھائی جاسکتی ہیں۔ ریلوے کی دہلی ڈویژن کے منیجر انوراگ سچان کا کہنا ہے کہ حال ہی میں این ڈی ایم سی نے ریلوے کے منٹو برج کو چوڑا کرنے کی تجویز کو منظوری دیدی ہے۔ اس برچ کے چوڑا ہونے سے 2اضافی لائنوں کو بچھانے کا کام مکمل کیا جاسکتا ہے۔

new delhi to tilak bridge two more railway lines

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں