ایران میں طاقتور زلزلہ - 30 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-10

ایران میں طاقتور زلزلہ - 30 ہلاک

ایران کے خلیجی بندرگاہ کے شہر بوشہر میں آج ایک طاقتور زلزلہ آیا جس کے نتیجہ میں کم ازکم 30افراد ہلاک ہوگئے اور 800 زخمی ہوئے۔ تاہم ایران کے واحد نیوکلیر پاور پلانٹ کو اس سے کوئی نقصان نہیں ہواہے۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔ اس زلزلے کے جھٹکے خلیج میں بحرین، کویت، قطر اور متحدہ عرب امارات میں بھی محسوس کئے گئے۔ اس کے نتیجہ میں عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا اور کچھ دفاتر وغیرہ کا عارضی تخلیہ بھی کردیا گیا تھا۔ بو شہر کے صوبائی گورنر فریدون حسن واند نے سرکاری ٹی وی کو بتایاکہ کم از کم 30 افراد اس میں ہلاک ہوئے ہیں جب کہ زائد از 800زخمی ہوئے ہیں جن کا علاج کیا جارہا ہے۔ اس بات کی کوئی اطلاع نہیں ہے کہ زیادہ ہلاکتیں کہاں ہوئیں۔ تاہم ایران کی ریڈ کریسنٹ دستہ کے سربراہ محمود مظفر نے بتایاکہ ابتدائی اطلاعات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ خرموج کے قریب ایک گاؤں تباہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سب سے زیادہ تباہی دیہی علاقوں میں ہوئی ہے۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسس کے ساتھ بچاؤ ٹیمیں علاقہ کو روانہ کردی گئی ہیں۔ اس علاقہ میں فون کنکشن اور برقی منقطع ہوگئی ہے۔ کہا گیا ہے کہ اس علاقے میں خیمے، بلانکٹس اور غذائی اجناس بھی روانہ کی گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ نیوکلیر پاور پلانٹ کو جو اسی شہر میں واقع ہے کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔

Dozens dead, hundreds hurt in Iran earthquake

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں