شہادت بابری مسجد - ملائم سنگھ بھی ملوث - بینی پرساد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-16

شہادت بابری مسجد - ملائم سنگھ بھی ملوث - بینی پرساد

مرکزی وزیر بینی پرساد ورما نے سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو پر یہ سنسنی خیزالزام عائد کیا کہ بابری مسجد کی شہادت کی سازش میں ایل کے اڈوانی کے ساتھ ملائم سنگھ یادو بھی شامل تھے۔ ایس پی کے سربراہ پر حال ہی میں بینی پرساد ورما نے سخت ترین تنقیدیں کی ہیں، جس پر سیاسی ہنگامے کھڑے ہوگئے تھے۔ کچھ وقفہ کی لڑائی بندی کے بعد بینی پرساد ورما نے ایک مرتبہ پھر ملائم سنگھ کو جارحانہ انداز میں تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہاکہ ایل کے اڈوانی نے 30؍اکتوبر 1990ء کو شیلا نیاس کیلئے جو رتھ یاترا شروع کی تھی وہ دراصل بابری مسجد شہید کرنے کیلئے تھی اور شیلا نیاس ایک بہانہ تھی۔ لکھنؤ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اڈوانی اور ملائم سنگھ یادو نے مسجد شہید کرنے کا منصوبہ بنالیا تھا۔ لکھنؤ کے گیسٹ ہاوز میں ایس پی سربراہ نے اڈوانی اور نئے کٹیار سے ملاقات کی تھی۔ اس وقت یہ فیصلہ لیا گیاتھا کہ کارسیوکوں کو متنازعہ اراضی پر پوجا کی اجازت دی جائے گی۔ وزارت عظمی کیلئے مودی کے مقابلہ میں اڈوانی کو بہتر امیدوار قرار دینے کی بحث پر تبصرہ کرتے ہوئے بینی پرساد ورما نے کہاکہ اڈوانی سیکولر کردار کے حامل کیسے ہوسکتے ہیں۔ وہ مودی سے کم خطرناک نہیں ہیں۔ دراصل دونوں میں کوئی فرق نہیں ہے۔ دونوں لیڈر ایک ہی سکہ کے دورخ ہیں۔ 30اکتوبر 1990ء اور 6دسمبر 1992ء یعنی شہادت بابری مسجد کے بعد پھوٹ پڑے فسادات میں ہزاروں افراد ہلاک ہوئے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں