اجودھیا میں پہلی مرتبہ قانون کی بالادستی قائم ہوئی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-21

اجودھیا میں پہلی مرتبہ قانون کی بالادستی قائم ہوئی

19سالہ قبل سپریم کورٹ کی طرف سے دی گئی ایک ہدایت کی وجہہ سے اجودھیا کے متنازعہ مقام پر اس بار رام نومی کے دن پوجا ارجنا نہیں ہوئی۔ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق ضلع انتظامیہ نے متنازعہ مقام پر اس بار کسی مذہبی سرگرم کی اجازت نہیں دی۔ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق عدالت کی طرف سے مقرر پجاری آچاریہ ستیندر داس کو ہی حکومت کے ذریعہ ایکوئر کی گئی 67ایکڑزمین پر کسی مذہبی سرگرمی کی اجازت ہے ۔ تاہم گذشتہ 19 برسوں سے رام جنم بھومی سیوا کمیٹی سے منسلک مقامی لوگ متنازعہ مقام پر رام نومی کے دن پوجا کرتے رہے ہیں ۔ بابری مسجد ملکیت مقدمہ کے مدعی ہاشم انصاری کے مکان پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہلال کمیٹی کے کنوینر خالق احمد خان نے کہاکہ گذشتہ 62برسوں کی تاریخ جب سے بابری مسجد میں مورتیاں رکھی گئیں پہلی مرتبہ مسلمانوں کی کوششوں سے قانون کی بالادستی قائم ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ رام جنم بھومی سیوا سمیتی متنازعہ احاطہ میں واقع عارضی مندر پر رام نومی کے موقع پر "کلش" لگانا چاہتا تھا۔ اہم بات یہ تھی کہ پجاری بھی اس تنازعہ میں شامل نہیں ہوئے ۔ اس موقع پر بابری مسجد ملکیت مقدمہ کے مدعی ہاشم انصاری نے کہاکہ پہلے انتظامیہ کے افسران عدالت کے احکام پر عمل درآمد میں خود کو معذور بتاتے تھے لیکن موجودہ ضلعی انتظامیہ اور کمشنر فیض آباد نے سپریم کورٹ کے احکام پر عمل درآمد کراکے ملک کے آئین کی حفاظت کی۔ انہوں نے کہاکہ ضلع انتظامیہ نے اس سلسلہ میں مثبت اقدام کئے اور انتظامیہ کے دل سے یہ ڈر بھی جاتا رہا کہ انہیں شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ayodhya rule of law established for the first time

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں