صنعتی میدان میں آندھرا پردیش کو دوسرا مقام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-27

صنعتی میدان میں آندھرا پردیش کو دوسرا مقام

وزیر صنعت و کامرس ڈاکٹر جے گیتا ریڈی نے کہاہے کہ گذشتہ 4برسوں سے آندھراپردیش صنعتی میدان میں ملک بھر میں نمبر 2 کا مقام حاصل کررہا ہے۔ اس مرتبہ بھی مرکزی حکومت کے شعبہ صنعتی فروغ پالیسی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق صنعتی شعبہ میں گجرات سرفہرست اور آندھراپردیش کو دوسرا مقام حاصل ہوا ہے۔ ڈاکٹر جے گیتا ریڈی نے بتایاکہ آج ریاستی حکومت کے اسٹیٹ انوسمنٹ پروموشن بورڈ (ایس آئی پی بی) کا اجلاس منعقد ہوا، آج کے اس اجلاس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ آندھراپردیش میں آٹو موبائیل صنعت کو راغب کرنے کیلئے ویاٹ میں کمی کا اہم فیصلہ کیا گیا۔ ایس آئی پی بی کے آج کے اجلاس میں آٹو موبائیل کمپنیوں کے ایسے آلات جو ریاست میں تیار ہوتے ہیں انہیں ریاست میں ہی آٹو موبائل کمپنیوں کو سربراہی پر 14.5فیصد ویاٹ میں کمی کرکے صرف 5فیصد وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ریاست میں صنعتوں کو ویاٹ کی ترغیبات فراہم کرنے کیلئے محکمہ فینانس کی جانب سے گرین چینل کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ موجودہ برقی بحران سے نمٹنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ صنعتوں کو برقی بحران سے بچانے کیلئے گھریلو شعبہ اور صنعتی شعبہ کو علیحدہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر گیتا ریڈی نے بتایاکہ 2011ء سے گذشتہ 3برسوں کے دوران ریاست میں 69 کمپنیوں کے قیام کی تجویز کی منظوری دی گئی جس کے تحت 133343 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہوئی اور ان کمپنیوں کے ذریعہ ریاست میں راست طورپر 148568 افراد کو روزگار کے مواقع حاصل ہوئے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں