اکبر اویسی کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ - ہائیکورٹ کا حکم التوا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-19

اکبر اویسی کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ - ہائیکورٹ کا حکم التوا

جناب اکبر الدین اویسی قائد مجلس مقننہ پارٹی کی گرفتاری کے سلسلہ میں رنگاریڈی ڈسٹرکٹ کورٹ کی جانب سے جاری کردہ ناقابل ضمانت وارنٹ کے خلاف آندھراپردیش ہائی کورٹ نے عبوری حکم التوا جاری کردیا جب کہ پبلک پراسیکیوٹر نے حکم التواء جاری کرنے اور کسی قسم کی راحت دینے کی سختی سے مخالفت کی تھی۔ آندھراپردیش ہائی کورٹ کے معزز جج جسٹس کانتا راؤ کے اجلاس پر مقدمہ نمبر 3306/2013 کے تحت جناب اکبر الدین اویسی کے وکیل نرنجن ریڈی پیش ہوئے۔ انہوں نے عدالت کو بتایاکہ ان کے موکل کیخلاف پولیس نے ازخود کارروائی کرتے ہوئے نظام آباد اور نرمل میں مقدمات درج کئے ہیں اور ان کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔ ان کے موکل کے خلاف درج کردہ تمام مقدمات کو یکجا کرنے کے سلسلہ میں آندھراپردیش ہائی کورٹ میں مقدمہ کی سماعت بھی مکمل ہوچکی ہے اور ہائی کورٹ نے فیصلہ محفوظ بھی کردیا ہے۔ قبل ازیں جناب اکبر الدین اویسی کے خلاف ونپرتی میں درج کردہ ایک مقدمہ میں بھی اسی عدالت سے ان کے موکل کی گرفتاری کے خلاف حکم التواء حاصل کیا گیا تھا۔ اب مزید رنگاریڈی ڈسٹرکٹ کورٹ کے سکنڈ میٹرو پولٹین مجسٹریٹ کی جانب سے رنگاریڈی کورٹ میں عدم حاضری پر ان کی گرفتاری کیلئے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیا گیا ہے۔ نرنجن ریڈی کی بحث پر جسٹس کانتا راؤ نے اکبر الدین اویسی کی اس مقدمہ میں گرفتاری اور مزید کسی کارروائی کے خلاف حکم التواء جاری کردیا۔ واضح رہے کہ اس مقدمہ کی سماعت گذشتہ روز مقرر تھی لیکن جسٹس کانتا راؤ کے اجلاس پر یہ مقدمہ پیش نہ ہوسکا۔ آج سماعت کے دوران عدالت نے قائد مجلس کی گرفتاری اور ان کے خلاف مزید کسی کارروائی پر حکم التوا جاری کردیا۔

AP Highcourt stay order on akbar owaisi warrant

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں