آندھرا پردیش - برقی کٹوتی میں دو گھنٹے کمی کا فیصلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-16

آندھرا پردیش - برقی کٹوتی میں دو گھنٹے کمی کا فیصلہ

برقی پیدوار اور سربراہی پر ریاستی وزیر فینانس اے رام نارائن ریڈی کی قیادت میں تشکیل دی گئی کابینی ذیلی کمیٹی نے آج ریاست بھر میں لوڈ شیڈنگ( برقی کٹوتی) میں 2گھنٹے کی کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ کابینی ذیلی کمیٹی کا ایک اجلاس یہاں سکریٹرٹ میں منعقد ہوا جس میں یہ فیصلہ کیاگیا۔ اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر فینانس اے رام نارائن ریڈی نے کہاکہ منڈل ہیڈ کوارٹرس میں روزانہ 8 گھنٹے کے بجائے 6گھنٹے برقی کٹوتی کی جائے گی، جب کہ بلدیات اور ٹاونس میں 6گھنٹے کی جگہ 4گھٹنے اور ضلع ہیڈ کوارٹرس میں 4گھنٹے کے بجائے 2گھنٹے برقی کٹوتی کی جائے گی۔ بڑے شہروں جیسے حیدرآباد، وشاکھاپٹنم، وجئے واڑہ، ورنگل اور تروپتی وغیرہ میں روزانہ صرف ایک گھنٹہ برقی کٹوتی کی جائے گی جبکہ ان شہروں میں روزانہ 3گھنٹے برقی منقطع کی جارہی تھی۔ مواضعات کے بارے میں اس اجلاس میں کوئی واضح فیصلہ نہیں کیا گیا جہاں روزانہ 12گھنٹے برقی کٹوتی کی جاتی ہے۔ شعبہ زراعت کو برقی طلب میں کمی کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس شعبہ کو 31 مئی تک برقی کی ضرورت نہیں ہوگی، کیونکہ فصل کا موسم ختم ہوچکا ہے۔ ریاستی وزیر نے ادعا کیا کہ کسانوں نے حکومت کی درخواست منظور کرلی ہے کہ موسم گرما کے دوران کوئی کاشت کاری نہ کی جائے۔ کابینی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں وزیر بڑی صنعتیں ڈاکٹر جے گیتا ریڈی، صدر پردیش کانگریس اور وزیر ٹرانسپورٹ بوتسا ستیہ نارائنا، وزیر مال این رگھویرا ریڈی، وزیر بڑی آبپاشی پی سدرشن ریڈی، وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی پونالالکشمیا اور وزیر امکنہ اتم کمارریڈی نے شرکت کی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں