گجرات فسادات - مودی کو کلین چٹ کے خلاف ذکیہ جعفری کی احتجاجی درخواست - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-16

گجرات فسادات - مودی کو کلین چٹ کے خلاف ذکیہ جعفری کی احتجاجی درخواست

ذکیہ جعفری نے آج 2002 ء کے فسادات میں مبینہ رول کیلئے چیف منسٹر گجرات نریندر مودی اور 58 دوسروں کے خلاف چارج شیٹ داخل کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور ایس آئی ٹی رپورٹ کو مسترد کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے جرائم کی پردہ پوشی کی اور ملزمین کو کلین چٹ دیتے ہوئے عدالت کو گمراہ کیا۔ گجرات فسادات کے دوران ہلاک سابق کانگریس رکن پارلیمنٹ احسان جعفری کی بیوہ ذکیہ نے آج ایس آئی ٹی رپورٹ کے خلاف ایک مقامی عدالت میں احتجاجی درخواست داخل کی۔ اس رپورٹ میں مودی اور دوسرے ملزمین کو کلین چٹ دی گئی تھی۔ میٹرو پولٹین مجسٹریٹ بی جے گنترا کے اجلاس پر پیش کردہ اپنی درخواست میں جعفری نے 8؍فروری 2012 ء کو ایس آئی ٹی کی قطعی رپورٹ کو مکمل طورسے مسترد کردینے کی خواہش کی۔ انہوں نے 8 جون 2006ء کو پیش کردہ اپنی شکایت میں درج تمام 59ملزمین کے خلاف چارج شیٹ کیلئے اسے ایک مضبوط کیس بتایا۔ مس ذکیہ جعفری کی احتجاجی عرضی 514 صحفات پر مشتمل ہے جس کے ساتھ 10 سی ڈیز ہیں اور ضمیموں کی 3جلدیں بھی ہیں۔ انہوں نے پرزور استدلال کرتے ہوئے کہاکہ تمام ملزمین کے خلاف بادی النظر میں جرم کا پتہ لگانے ایس آئی ٹی کے پاس مناسب دستاویزات اور بیانات موجود ہیں۔ اس کے باوجود ایس آئی ٹی نے جرائم کی پردہ پوشی کا فیصلہ کیا اور ملزم کو کلین چٹ دیتے ہوئے عدالت کو گمراہ کیا۔ محترمہ جعفری نے 2002ء کے فسادات میں نریندر مودی اور 58دیگر افراد کے خلاف تحقیقات کی اپیل کرتے ہوئے ایک درخواست داخل کی تھی جس پر سپریم کورٹ نے اس معاملہ کا جائزہ لینے ایس آئی ٹی کا تقرر کیا تھا۔ تحقیقات کے دوران ایس آئی ٹی نے یہ دعویٰ کیا کہ مودی اور دیگر کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں ہے اور قطعی رپورٹ پیش کرنے کی اجازت طلب کی۔ سپریم کورٹ نے فروری میں محترمہ ذکیہ جعفری کو تازہ احتجاجی عرضی دائرکرنے کی اجازت دی اور ساتھ ہی یہ بھی ہدایت دی کہ انہیں ایس آئی ٹی کی مکمل رپورٹ کی نقل حوالے کی جائے تاکہ وہ اس کی بنیاد پر احتجاجی عرضی دائر کرسکیں۔ سپریم کورٹ کے احکام پر ایس آئی ٹی نے ملہوترہ رپورٹ کی نقل حوالے کی جائے تاکہ وہ اس کی بنیاد پر احتجاجی عرضی دائر کرسکیں۔ سپریم کورٹ کے احکام پر ایس آئی ٹی نے ملہوترہ رپورٹ کی نقل محترمہ جعفری کو فراہم کی اور میٹرو پولیس مجسٹریٹ بی جے گنترا نے انہیں احتجاجی اپیل داخل کرنے آج تک کی مہلت دی تھی۔ محترمہ جعفری نے اپنی شکایت میں کہاکہ مودی، دیگر سینئر وزراء اور عہدیداروں نے ہلاکتوں کو روکنے کی کوشش نہیں کی۔ احسان جعفری کی جانب سے پولیس حتی کہ چیف منسٹر کے دفتر کو مدد کیلئے متعدد زدہ فون کالس کے باوجود ان کی مدد نہیں کی گئی جب کہ ایک ہجوم نے گلبرگ سوسائٹی پر حملہ کردیا تھا۔

Zakia Jafri files protest petition against SIT's clean chit to Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں