اجیت پوار کا متنازعہ مکالمہ - اپوزیشن استعفیٰ پر مصر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-09

اجیت پوار کا متنازعہ مکالمہ - اپوزیشن استعفیٰ پر مصر

قحط زدہ علاقوں کے کسانوں کی جانب سے باندھ سے پانی چھوڑنے کے مطالبے کا مذاق اڑانا اور انتہائی بھونڈے فقرے کسنا نائب وزیراعلیٰ اجیت پوراکیلئے باعث مصیبت بن گیا ہے۔ ان کے بیان پر اپوزیشن نے پیر کو اسمبلی کے دونوںایوانوں کی کارروائی نہیں چلنے دی۔ اجیت پوار کی جانب سے ایوان اسمبلی میں اس سلسلے میں معافی مانگنے ور ان کے چچا شرد پوار کی جانب سے اظہار معذرت کئے جانے پر بھی حزب اختلاف کے تیور نرم نہیں ہوئے۔ معافی کی درخواست کو ٹھکراتے ہوئے اپوزیشن نے اجیت پوار سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے اور صاف کردیا ہے کہ اس سے کم پر وہ راضی نہیں ہوگا۔ واضح رہے کہ سنیچر کو انداپور کے ایک پروگرام میں تقریر کے دوران اجیت پوار نے باندھ سے پانی چھوڑنے کے مطالبے پر گذشتہ 56دنوں سے آندولن پر بیٹھے ہوئے ایک کسان کا مذاق اڑاتے ہوئے کہاکہ تھاکہ "ڈیم میں پانی نہیں ہے تو کیا ہم اس میں پیشاب کریں؟"ان کے اس بیان سے جہاں قحط سے متاثرہ علاقوں کے شہریوں کے جذبات بری طرح مجروح ہوئے ہیں وہیں ریاست کے عام شہریوں میں بھی نائب وزیراعلیٰ کے ناشائستہ بیان پر ناراضگی پھیل گئی ہے۔ پیر کو ایوان میں ہنگامہ کے دوران اجیت پوار نے معافی مانگی اور اسے اپنی "سب سے بڑی غلطی" تسلیم کیا نیز دعویٰ کیا کہ "سنیچر کو میں نے اندا پور کے ایک پروگرام میں جو کہا تھا وہ قحط زدہ علاقوں کے متاثرین کے تعلق سے نہیں تھا۔ میرا ارادہ کسی کے جذبات کو مجروح کرنا نہیں تھا"۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ "یہ بات صحیح ہے کہ لفظوںکا استعمال ذمہ داری کے ساتھ کرنا چاہئے۔ میرے بیان سے خشک سالی کے شکار متاثرین کو تکلیف نہ ہو یہ میری خواہش ہے میرے بیان سے ریاست کے عوام اور ایوان کے جذبات مجروح ہوے ہیں تو میں اس کیلئے معافی مانگتا ہوں"۔ مگر ان کی صفائی کوئی کام نہیں آئی۔ اپوزیشن نہ صرفع ان کے استعفیٰ کے مطالبے پر اڑا رہا بلکہ اس نے دونوں ایوانوں کی کارروائی نہیں چلنے دی۔

Urine remark: Opposition demands Ajit Pawar's removal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں