شہر حیدرآباد میں غیرموسمی بارش سے نشیبی علاقے زیرآب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-03

شہر حیدرآباد میں غیرموسمی بارش سے نشیبی علاقے زیرآب

شہروں بالخصوص پرانا شہر میں اچانک غیر موسمی موسلادھار بارش کے باعث نہ صرف جگہ جگہ بارش کا پانی جمع ہوگیا بلکہ پرانا شہر کے نشیبی علاقوں بالخصوص سلطان شاہی، امان نگر، مدینہ نگر، ریلوئے اسٹیشن یاقوت پورہ کے علاوہ دیگر علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ اچانک موسلادھار بارش کی وجہہ سے ساوتھ زون گریٹر میونسپل کارپوریشن کا متحرک ہوگیا۔ اچانک بارش کی وجہہ سے جگہ جگہ ٹریفک نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا۔ معظم جاہی مارکٹ، نیاپل، چادر گھاٹ، کاچی گوڑہ، پرانا پلی، حسینی علم، چوراہا بہادر پورہ اور چارمینارکے علاوہ دیگر اہم چوراہوں پر گھنٹوں ٹریفک مسدود ہوکر رہ گئی۔ بارش کے دوران پراناشہر کے مختلف علاقوں میں اچانک برقی مسدودی بھی واقع ہوئی۔ بارش سے قبل تیز ہوائیں چلنے لگیں۔ فرحت نگر، دبیرپورہ، ماتاکی کھڑکی، اعظم پورہ اور یاقوت پورہ نالہ بھی بارش کے پانی کی وجہہ سے ابل پڑے۔ مسلسل چند دنوں سے شدت کی دھوپ اور شدید گرمی کی باعث عوام پریشان کن صورتحال سے دوچار تھے جب کہ ایک دن قبل ہی بانسواڑہ میں زبردست بارش ہوئی اور دوسرے ہی دن پٹن چیرو کے علاوہ دونوں شہروں میں اچانک موسلادھار بارش کی وجہہ سے عوام کو کچھ راحت ملی تو دوسری جانب فٹ پاتھ پر چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو بارش کی وجہہ سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ مختلف علاقوں کے سماجی کارکنوں اور عوام نے چند گھنٹوں کی موسلادھار بارتش کی وجہہ سے پرانا شہر کی صورتحال ابتر ہوجانے پر گریٹر میونسپل کارپوریشن کے اعلیٰ عہدیداروں کو واقف کروایا۔ چند گھنٹوں کی بارش کی وجہہ سے پرانا شہر کے بیشتر علاقہ متاثر ہوگئے۔

Unseasonal Rains Disrupt Life In hyderabad

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں