امریکہ اپنے اتحادیوں کا دفاع کرے گا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-15

امریکہ اپنے اتحادیوں کا دفاع کرے گا

امریکی وزیر خارجہ جان کیری آج ایشیائی ممالک کے اپنے دورے کے آخری مرحلے میں جاپان پہنچ گئے ہیں ۔ ان کے دورے کا مقصد شمالی کوریا کے خلاف امریکہ کے حق میں مختلف ممالک کی حمایت حاصل کرنا ہے ۔ کیری کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب شمالی کوریا کے بانی کم ال سونگ کے یوم پیدائش کے موقع پر وہاں بڑی فوجی مشقیں اور دیگر پروگرام کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔ کیری نے کل چین کی اعلیٰ لیڈر شپ سے ملاقات کی تھی اور کوریائی جزیرے سے نیوکلیائی اسلحہ ختم کرنے کیلئے اسے منانے کی کوشش کی تھی۔ واضح رہے کہ امریکہ اور جنوبی کوریا کے درمیان بڑھتے رشتو ں سے ناراض شمالی کوریا نے اپنی فوج کو انتہائی چوکس کر دیا ہے اور نیوکلیائی میزائل لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے آئی سی بی ایم میزائلوں کو حملے کیلئے پوری طرح تیار کر دیا ہے ۔ جان کیری جاپان کی اعلیٰ قیادت سے شمالی کوریا کے مسئلے پر بات چیت کریں گے ۔ جان کیری نے کہاکہ وہ کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنا اور اپنے اتحادیوں کا دفاع کریں گے ۔ اس دورے میں جان کیری اپنے جاپانی ہم منصب فیو میو کیشیدہ اور وزیراعظم شنزوابے سے ملاقات کریں گے ۔ رائٹر کے مطابق اس دورے کا مقصد شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے خلاف محاذ کو مضبوط کرنا اور اپنے اتحادیوں کو تحفظ کا احساس دلانا ہے جبکہ دوسری طرف اطلاعات کے مطابق شمالی کوریا نے اپنے تازہ ترین میں امریکی پالیسی کی مذمت کی ہے اور واضح کر دیا ہے کہ اس نیوکلیر پروگرام کو ترک کرنے کا کوئی ارادہ نہیں جسے وہ اپنے ملک کی سکیورٹی کی ضمانت سمجھتا ہے ۔ جاپان کے وزیر دفاع نے کہاکہ انہیں امید ہے کہ جان کیری کے دورے سے شمالی کوریا کو ایک سخت پیغام ملے گا۔ جاپان کے وزیر دفاع اٹسو نوری آنوڈیرا نے اتوار کو صحافیوں سے کہاکہ یہ ضروری ہے کہ ہم بین الاقوامی سطح پر رابطے کریں اور شمالی کوریا کو سختی سے یہ پیغام دیں کہ وہ اپنے جوہری اور میزائل تیار کرنے کے پروگرامز لازماً بند کر دیں ۔ انہوں نے کہاکہ انہیں امید ہے کہ جان کیری کے دورے سے شمالی کوریا کو ایک سخت پیغام ملے گا۔ واضح رہے کہ جاپان پہلے ہی اپنے تحفظ کیلئے ٹوکیو میں پیٹریاٹ ائیر ڈیفنس میزائل نصب کر چکا ہے تاکہ شمالی کوریا کی کسی بھی جارحانہ کار روائی کو روکا جاسکے ۔

US will protect allies, Kerry assures Tokyo

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں