ارریا بہار میں سہ روزہ تبلیغی اجتماع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-14

ارریا بہار میں سہ روزہ تبلیغی اجتماع

ارریا میں ہورہے سہ روزہ تبلیغی اجتماع کی پہلی نشست میں تقریباً 9لاکھ افراد شریک ہوئے۔ فجر کی نمازکے بعد تبلیغی جماعت کے سرگرم ذمہ دار انجینئر شمیم احمد نے 7بجے تک فرزندان توحید سے خطاب کیا۔ سامعین خالی زمین اور گھاس پر بیٹھ کر پوری یکسوئی کے ساتھ خدا اور اس کے رسولؐ کی باتوں کو سنتے دکھائی دئیے۔ انجینئر شمیم احمد نے کہاکہ پروردگار کی مہربانی ہے کہ اس نے ہمیں اس عظیم اجتماع میں شریک ہونے کی توفیق دی، جہاں ایمان اور روحانیت کے دلنواز جھونکے چل رہے ہیں۔ خدا کی مہربانی سے ایک بھی جھونکا ہمیں نصیب ہوجائے تو یہ ہماری دارین کی کامیابی کیئلے کافی ہے۔ ہند۔نیپال سرحد پر واقع ارریا میں 29 سال بعد 3روزہ تبلیغی اجتماع شروع ہوچکا ہے۔ فرزندان توحید کا قافلہ چہار جانب سے یہاں پہنچ رہا ہے۔ اجتماع کے پہلے دن ایک محتاط انداز کے مطابق 9لاکھ شریک ہوئے۔ بھیڑ کا یہ عالم رہا کہ پنڈال گذشتہ کل ہی جمعہ پر ہوگیا تھا۔ آج لوگ کھلے آسمان کے نیچے بیٹھے دعوتی خطاب سنتے دیکھے گئے۔ اس سے قبل 1984ء میں ارریا میں عالمی اجتماع ہوا تھا۔ خیال رہے کہ 1984ء کے ارریا اجتماع کے بعد کوسی کمشنری اور سیمانچل کی پوری فضاء بدلنے لگی ہے۔ نمازیوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے۔ گاؤں گاؤں میں مسجدیں تعمیر ہورہی ہیں۔ اﷲ کے راستے میں جان و مال اور وقت لگانے کا جذبہ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ تبلیغی جماعت کی خاموش محنت کا نتیجہ ہے کہ بے عمل مسلمانوں کی زندگی میں انقلاب آگیا ہے۔ حالانکہ 29سال کے اس طویل وقفہ کے درمیان مسلمانوں کی مذہبی وابستگی میں کچھ کمزوری ضرورآئی لیکن اب جب کہ اجتماع کی شکل میں یہاں ایمان کی بہار آئی ہوئی ہے تو لوگوں کے دلوں میں ایک بار پھر اپنے رب کی طرف لوٹنے کا صادق جذبہ غالب آگیا ہے۔ بہت زیادہ گاڑیوں کی آمد کی وجہہ سے ٹریفک نظام پر تھوڑا اثر ضرور پڑا ہے البتہ مقامی انتظامیہ اور جماعت کے رضا کاران اسے بخوبی نبھارہے ہیں۔ ریلوے کی جانب سے کٹیہار۔ جوگبنی کے درمیان 18 تاریخ تک 3 جوڑی ٹرین چلائے جانے کی وجہہ سے تھوڑی راحت ضرور ملی ہے البتہ ٹرینوں میں کافی بھیڑ دیکھی جارہی ہے۔ ذمہ داران کی طرف سے کٹہیار، پورنیہ، ارریا کورٹ اور ارریا آر ایس ریلوے اسٹشنوں پر آنے والے لوگوں کے استقبال کیلئے رضاکاران لگائے گئے ہیں۔ دوسری طرف پونیہ، سپول، سہرسہ، کشن گنج سے سرکاری اور پرائیوٹ بسیں چلائی جارہی ہیں جو جماعت کے ساتھیوں کو لے کر سیدھے اجتماع گاہ پہنچ رہی ہیں۔ قومی شاہراہ 57 اور لنک سڑکوں پر جگہ جگہ پانی اور شربت پانے کا انتظام مقامی لوگوں نے اپنی طرف سے کیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جماعت کے ساتھیوں کی خدمت میں متعدد برادران وطن بھی لگے ہوئے ہیں۔ (رپورٹ : فیروز عالم، نیازی قاسمی، آفاق اسد آزاد)

Tablighi jamaat gathering in araria

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں