آئیندہ آندھرا پردیش انتخابات میں ٹی۔آر۔ایس تنہا مقابلہ کرے گی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-13

آئیندہ آندھرا پردیش انتخابات میں ٹی۔آر۔ایس تنہا مقابلہ کرے گی

علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے مقصد کے تحت تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے اپنے پولیٹ بیورو اجلاس میں آج فیصلہ کیا ہے کہ وہ آندھراپردیش میں آئندہ انتخابات میں تنہا مقابلہ کرے گی۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے پارٹی صدر چندر شیکھر راؤ نے کہاکہ پارٹی نے این نرسمہا راؤ کی قیادت میں الیکشن کمیٹی تشکیل دی ہے جو علاقہ تلنگانہ میں تمام اسمبلی حلقوں میں امیدواروں کے انتخاب پر سروے کرتے ہوئے امیدواروں کے ناموں کی سفارش کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ مئی کے ختم تک امیدواروں کی قطعی فہرست کا اعلان کردیا جائے گا۔ چندر شیکھر راؤ نے کہاکہ دیہاتوں اور منڈل کی سطح پر پارٹی کی طرف سے 10تا15 دن کے تربیتی کیمپس منعقد کئے جائیں گے۔ 27؍اپریل کو ضلع نظام آباد کے آرمور میں پارٹی کے نمائندوں کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں توقع ہے پارٹی کے تقریباً 23ہزار کارکن شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس تعلق سے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ پارٹی سربراہ نے کہاکہ پولیٹ بیورو اجلاس نے کسی بھی دوسری جماعت کے ساتھ اتحاد کے بغیر تنہامقابلہ کا فیصلہ کیا ہے۔ انتخابات کے بعد تلنگانہ تحریک میں مزید شدت پیدا کی جائے گی۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ عام انتخابات میں ٹی آر ایس لوک سبھا کی کم ازکم 15 نشستوںپر کامیابی حاصل کرے گی۔ ٹی آرایس نے گذشتہ عام انتخابات میں تلگودیشم اور دوسری جماعت کے عظیم اتحاد کے ساتھ مقابلہ کیا تھا۔ کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کانگریس قائدین کی تین نسلوں پنڈت نہرو، اندراگاندھی اور سونیا گاندھی نے تلنگانہ کے مفادات کے خلاف کام کیا۔ انہوں نے کہاکہ پنڈت نہرو نے ریاستوں کی تنظیم جدید سے متعلق فضل علی کمیشن کی سفارشات کے خلاف تلنگانہ کو آندھراپردیش میں ضم کیا جبکہ 1969ء میں اندرا گاندھی نے تلنگانہ کے نوجوانوں کو ہلاک کیا اور اب صدر کانگریس سونیا گاندھی نے وعدہ کے مطابق علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کو منظوری نہ دیتے ہوئے تلنگانہ کے عوام کی زندگیوں کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ چندرشیکھر راؤ نے کہاکہ پولیٹ بیورو میں وردا ریڈی کوبھی شامل کیا گیا جنہیں کونسل کے حلقہ اساتذہ سے حال ہی میں منعقدہ انتخابات میں شکست ہوئی ہے۔

TRS to contest alone in next elections

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں