شاردا گروپ کے 35 بنک اکاؤنٹ منجمد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-25

شاردا گروپ کے 35 بنک اکاؤنٹ منجمد

حکومت مغربی بنگال نے آج بدھ کو چٹ فنڈ کمپنی شاردا گروپ کے 35 بینک اکاونٹ منجمد کردئیے۔ ریاست کے طول و عرض میں ہزاروں کھاتہ داروں اور سرمایہ لگانے والوں کو چونا لگانے والی اس کمپنی کے خلاف احتجاج و مظاہروں کی آندھی اٹھنے کے بعد حکومت نے یہ کارروائی کی ہے۔ ساتھ ہی کمپنی کے مالک سدپتو سین اور اس کی کمپنی کی 36 کاریں ضبط کرلیں، یہی نہیں بلکہ کولکتہ اور اطراف میں شاردا گروپ کی 4آفس بلڈنگوں کو بھی اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ حکومت مغربی بنگال کا مقرر کردہ عدالتی کمیشن پیسہ جمع کرنے والوں کی شکایتیں پیر سے وصول کرے گا۔ اس دوران جموں و کشمیر کی ایک عدالت نے کل کشمیر میں گنڈربل ضلع کے دلکش قدرتی مقام سون مرگ سے گرفتار کئے جانے والے سدپتو سین، اس کی معاون خاص دیپ جانی مکھرجی اور ایک اور اہکار کو چاردنوں کے ٹرانزٹ ریمانڈ پر مغربی بنگال پولیس کو سونپ دیا۔ کانگریس نے شاردا معاملے کی پوری جانچ سی بی آئی سے کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ پردیش کانگریس کے صدر پردیپ بھٹا چاریہ نے بدھ کو کہا کہ یہ بات موضوع بحث بنی ہوئی ہے کہ ترنمول کانگریس کا ایک طبقہ اس میں بلاواسطہ یا بالواسطہ طورپر ملوث ہے اور اس نے شاردا گروپ کے مفادات کو بچانے کی کوشش کی۔ دوسری پارٹیوں کے بھی ملوث ہونے کی بات کہی جارہی ہے۔ مسٹر پردیپ بھٹاچاریہ نے مزید کہاکہ میڈیاکی خبروں کے مطابق سدپتو سین نے ترنمول کانگریس لیڈروں کے اس گھوٹالے میں مبینہ طورپر ملوث ہونے کی بابت سی بی آئی کو لکھ کر بتایا ہے۔ اس لئے سی بی آئی انکوائری کے ذریعہ سچائی سامنے لائی جائے۔ پردیش کانگریس صدر سے جب پوچھا گیا کہ کیا وہ کنال گھوش کو بھی اس میں ملوث سمجھتے ہیں تو انہوںنے صرف اتنا کہا کہ اس ٹی ایم سی ایم پی کا نام میڈیا میں اچھل رہا ہے لیکن وہ ثبوت کے بغیر کچھ نہیں کہنا چاہیں گے۔ سدپتو سین اور ساتھیوں کی گرفتاری، ایس آئی ٹی کے ذریعہ انکوائری کو پردیپ بھٹاچاریہ نے اچھا قدم بتایا لیکن ساتھی ہی یہ بھی کہاکہ صرف اتنا ہی کافی نہیں ہے بلکہ پوری سچائی بے نقاب کرنے کیلئے حقیقی انکوائری ضروری ہے۔ دوسری جانب چٹ فنڈجیسے امور پر نگرانی رکھنے والے سرکاری ادارے SEBI نے شاردا گروپ کو 3ماہ کے اندر صارفین کو ان کا پیسہ منافع سمیت لوٹانے کا حکم دیا ہے۔ ساتھ ہی پیسہ جمع کرنے کا دھندہ بند کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Sharda Group 35 bank accounts frozen

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں