ایران میں طاقتور زلزلہ - کئی ممالک دہل گئے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-17

ایران میں طاقتور زلزلہ - کئی ممالک دہل گئے

ایران میں آج7.8 شدت کا ایک طاقتور زلزلہ آیا جس سے پاکستان کا سرحدی علاقہ بری طرح متاثر ہوا جہاں 34افراد ہلاک ہوئے جب کہ زلزلہ سے شمالی مغربی ہندوستان اور خلیجی عرب ریاستوں میں بھی جھٹکے محسوس کئے گئے۔ یہ 40 سال کے عرصہ میں ایران میں آنے والا سب سے طاقتور زلزلہ تھا۔ ایران میں ہلاکتوں کے بارے میں رسمی طورپر کوئی بیان نہیں دیا گیا۔ یہ ایک ہفتہ کے عرصہ میں ایران اور دوسرا طاقتور زلزلہ تھا۔ ابتداء میں ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے کہا تھا کہ ملک میں کم ازکم 40 افراد ہلاک ہوئے ہیں لیکن اس کی سرکاری توثیق نہیں ہوئی اور ہلاکتوں کے بارے میں متضاد اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔ ایسی اطلاعات ہیں کہ کم ازکم 100افراد کی ہلاکت کا اندیشہ ہے جب کہ بعض اطلاعات میں کہا گیا کہ لوگ صرف زخمی ہوئے ہیں۔ پاکستان میں بلوچستان کے اضلاع پنجگور اور کھاران میں 34 ہلاکتیں ہوئیں۔ ٹی وی چیانلوں نے عہدیداروں کے حوالے سے یہ بات ہوئی۔ مہلوکین میں 8 بجے اور2 خواتین شامل ہیں۔ زلزلے سے مشکل علاقہ بری طرح متاثر ہوا اور متاثرہ علاقوں میں سینکڑوں گھر تباہ ہوگئے یا انہیں نقصان پہونچا۔ کراچی شہر میں ایک عمارت گرنے سے کئی افراد زخمی ہوئے۔ جیونیوز نے اطلاع دی ہے کہ کراچی، حیدرآباد، کوئٹہ، ایبٹ آباد،اسلام آباد اور لاہور کے شہری مراکز دہل کر رہ گئے۔ متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں بھی زلزلہ محسوس کیا گیا جس سے عمارتیں ہل کر رہ گئیں۔ ایسی اطلاعات ہیں کہ ابوظہبی میں بلند عمارتوں سے عوام کا تخلیہ کرایا گیا۔ سعودی عرب کے دمام اور الحسا الہفوف میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ عمان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ دوپہر 2:45منٹ پر عمان کے کئی علاقے زلزلے سے دہل گئے۔ امریکی جیالوجیکل سروے نے کہاکہ زلزلہ زمین کی سطح سے 15.2کلو میٹر گہرائی میں آیا۔ زلزلہ کا وقت شام 4:15 بجے بتایا گیا ہے۔ زلزلہ کے بعد زہدان شہر میں لوگ سڑکوںپر نکل پڑے جبکہ پورے علاقہ میں مواصلاتی رابطہ منقطع ہوگیا۔ زلزلہ کا مبداء جنوب مشرقی ایران میں ایک پہاڑی و صحرائی علاقہ بتایا گیا ہے جو پاکستانی سرحد سے صرف 48کلو میٹر دور ہے۔ مواصلاتی رابطہ منقطع ہوجانے کی وجہہ سے نقصانات کا صحیح اندازہ نہیں ہوپارہا ہے۔ ہلاکتوں کے بارے میں متضاد اطلاعات ہیں۔

Powerful 7.8 earthquake strikes Iran, Pakistan killing 34

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں