برطانیہ کی پہلی خاتون وزیر اعظم مارگریٹ تھیچر کا انتقال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-09

برطانیہ کی پہلی خاتون وزیر اعظم مارگریٹ تھیچر کا انتقال

برطانیہ کی پہلی اور واحد خاتون وزیر اعظم مارگریٹ تھیچر کا آج بعمر 87 سال لندن میں انتقال ہوگیا۔ وہ "خاتون آہن" کے لقب سے معروف تھیں اور عالمی سیاست پر غیر معمولی عبور و بالادستی کے سبب 20ویں صدی کی طاقتور شخصیات میں شامل تھیں۔ سخت گیری و صاف گوئی کیلئے مشہور مارگریٹ تھیچر،آزاد تجارتی نظام کے احیاء کی عالمی چمپئن تھیں۔ ان کے پسماندگان میں دو جڑواں بیٹے کیرول اور مارک تھیچر ہیں۔ مسزتھیچر کے ترجمان لاڈبیل نے کہاکہ انتہائی صدمہ اور افسوس کے ساتھ مارک اور کیرول تھیچر اعلان کرتے ہیں کہ ان کی والدہ اور خاندانی صنعت و تجارت کی سربراہ مارگریٹ تھیچر کا آج صبح قلب پر حملہ سے انتقال ہوگیا"۔ مسز تھیچر برطانیہ میں طویل عرصہ تک وزارت عظمی پر فائز رہنے والی قائد رہی ہیں جنہوں نے 1979ء تا 1990کے درمیان برطانوی حکومت کی قیادت کی تھی۔ اپنی ذہانت و فراست سے قدامت پسند جماعت کے علاوہ مجموعی طورپر ساری برطانوی سیاست پر اپنی وراثت کے گہرے نقوش چھوڑے ہیں۔ سابق قدامت پسند رہنما مارگریٹ تھیچر برطانیہ میں وزارت عظمی پر فائز ہونے والی پہلی خاتون تھیں جو سرگرم سیاست سے سبکدوشی کے بعد عوامی سرگرمیوں سے الگ تھلگ زندگی گذار رہی تھیں۔ برطانوی وزیراعظم نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ "لیڈی تھیچر کے انتقال کی اطلاع پر مجھے بے حد افسوس ہوا ہے ہم ایک عظیم قائد، ایک عظیم رہنما اور ایک عظیم برطانوی سے محروم ہوگئے ہیں۔ بکنگھم پیالیس نے کہاکہ اس اطلاع پرملکہ برطانیہ کو افسوس ہوا ہے اور وہ غمزدہ خاندان کو ہمدردی کا شخصی پیغام روانہ کررہی ہیں۔ بی بی سی نے کہاکہ تھیچر کی وراثت میں قدامت پسند و لیبر دونوں جماعتوں کے قائدین اپنے جانشیوں کی پالیسیوں پر اپنی وراثت کے گہرے نقوش چھوڑے ہیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ برطانوی وزیراعظم کی سرکاری قیام گاہ نمبر 10 ڈاوننگ اسٹریٹ پر 11سالہ قیام کے دوران انہوں نے نہ صرف چند انتہائی انقلابی فیصلے کئے ہیں بلکہ بعض مرتبہ متصادم اندازفکر بھی اپنا تھا۔ علاقہ گرائنتھیم کے ایک ترکاری فروش کی بیٹی مارگریٹ تھیچر لندن میں اگرچہ اجنبی تھیں لیکن اچانک قدامت پسند پارٹی کی قیادت پر پہنچنے کے ساتھ بلندیوں کو چھولیا۔ جب سابق وزیراعظم سر ایڈورڈ بیتھ کو 1975ء میں خود ان کی پارٹی نے اقتدار سے بیدخل کردیاتھا۔ 1976ء میں سوویت یونین کی جبر و استبداد پر مبنی پالیسیوں کی مذمت سخت گیر تقریر پر ایک روسی اخبار نے مارگریٹ تھیچر کو "خاتون آہن" کا لقب دیا تھا۔

Margaret Thatcher, Britain's first female PM, dead at 87

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں