منموہن سنگھ اور چدمبرم کو کلین چٹ کی مدافعت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-29

منموہن سنگھ اور چدمبرم کو کلین چٹ کی مدافعت

مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کو ایک بھی ایسی فائل یا ریکارڈ دستیاب نہیں ہوا جس میں یہ ظاہر ہو کہ وزیراعظم منموہن سنگھ اور وزیر فینانس پی چدمبرم 2Gاسپکٹرم تخصیص کے جرم میں شریک ہیں ۔ صدرنشین جے پی پی سی چاکو نے یہ بات بتائی اور مسودہ رپورٹ میں ان دونوں کو کلین چٹ دئیے جانے کو منصفانہ قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کے شدید مطالبہ کے باوجود منموہن سنگھ اور چدمبرم کو کمیٹی کے روبرو طلب نہیں کیا جا رہا ہے کیونکہ 30رکنی اس کمیٹی میں اکثریت نے اس مطالبہ کی تائید نہیں کی ۔ چاکو نے سابق وزیر ٹیلیکام اے راجہ کو طلب کرنے پر کی جا رہی تنقیدوں کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ انہیں نمائندگی کرتے ہوئے اپنا موقف پیش کرنے کاموقع فراہم کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ کمیٹی کے روبرو پیش ہونے والے عینی گوا ہوں نے کئی باتیں کہی ہیں اور ہم نے ان کی دستیاب فائلس کے ساتھ جانچ کی۔ اس طرح ہم کسی نتیجہ پر پہنچ سکے ہیں ۔ وہ سمجھتے ہیں کہ کمیٹی نے کوئی بھی کام غلط یا نامناسب نہیں کیا ہے ۔ جے پی سی مسودہ رپورٹ میں اے راجہ پر وزیراعظم کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے جبکہ اے راجہ کا کہنا ہے کہ ہر بڑا فیصلہ انہوں نے وزیراعظم منموہن سنگھ اور وزیر فینانس پی چدمبرم اور اس وقت کے وزیر خارجہ پرنب مکرجی سے مشاورت کے بعد کیا ہے ۔ منموہن سنگھ، چدمبرم اور راجہ کو کمیٹی کے روبرو طلب نہ کرنے کے بارے میں جاری تنازہع کے تعلق سے چاکو نے اس بات سے اتفاق کیا کہ کمیٹی کا ایک گوشہ مسلسل یہ مطالبہ کرتا آ رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یشونت سنہا، روی شنکر پرساد(دونوں بی جے پی) ، گروداس گپتا(سی پی آئی) نے انہیں مکتوب بھی روانہ کئے ۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ ان کا مطالبہ اکثریتی رائے تھی۔ انہوں نے بتایاکہ کمیٹی کے نصف درجن ارکان انہیں بحیثیت گواہ طلب کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ جے پی سی کے جملہ 30ارکان ہیں جن میں صرف 5یا6 ارکان یہ مطالبہ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کوئی بھی شخصی فیصلہ نہیں کیا ہے اور ہر فیصلہ کمیٹی کی اکثریتی رائے یا اتفاق رائے کے ذریعہ کیا گیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اگر کمیٹی کے ارکان ان سے راست مطالبہ کریں تو وہ بحیثیت صدرنشین مستعفی ہو جائیں گے ۔ کوئلہ بلاک مسئلہ پر وزیراعظم منموہن سنگھ کو تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئے بی جے پی نے آج اعلان کیا کہ وہ حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے کی رشوت ستانی کی پردہ پوشی کرنے کی کوشش کے خلاف 4!مئی سے ملک گیر احتجاج شروع کرے گی۔ اس کا یہ احتجاج تمام ریاستوں کے دارالحکومت میں دو دن تک جاری رہے گا۔ بی جے پی کے ترجمان پرکاش جاویڈکر نے کہاکہ کانگریس حکومت رشوت خوروں کی پردہ پوشی کر رہی ہے ۔ ہم اس اسکام کے خلاف زبردست مظاہرے کریں گے ۔

JPC chief justifies clean chit to Manmohan Singh in 2G scam report

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں