ہندوستان اور جرمنی کے درمیان 6 معاہدات پر دستخط - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-12

ہندوستان اور جرمنی کے درمیان 6 معاہدات پر دستخط

ہندوستان اور جرمنی نے آج اپنے بین حکومتی مشاورت کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا جس کے دوران باہمی بین الاقوامی اور علاقائی مسائل جیسے ہند۔یوروپی یونین آزادانہ تجارتی معاہدہ، افغانستان کی صورتحال پر بات چیت کی جائے گی۔ وزیراعظم منموہن سنگھ اور جرمن چانسلر انجیلا مرکل کی مشترکہ صدارت میں یہ اجلاس منعقد ہوا۔ منموہن سنگھ کا چانسلری میں رسمی خیرمقدم کیا گیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ سلمان خورشید، وزیر قابل تجدید توانائی فاروق عبداﷲ، وزیر فروع انسانی وسائل ایم ایم پلو راجو، وزیر سائنس و ٹکنالوجی جئے پال ریڈی، وزیر تجارت آنند شرما اور دوسرے موجود ہیں۔ وزیراعظم نے جرمنی کو ہندوستان کا ایک کلیدی شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہاکہ انفرااسٹرکچر کی تیاری، سائنس و ٹکنالونی اور شفاف و قابل تجدید توانائی کے میدان میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ انہوں نے جرمنی کو یوروپ میں ہندوستان کا سب سے بڑا معاشی پارٹنر قرار دیا۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں 2011ء میں 18.37 ارب یوروز کا اضافہ ہوا ہے۔ ہندوستان اور جرمنی کے درمیان 6معاہدات پر دستخط کئے گئے۔ ان معاہدات میں اعلیٰ تعلیم کے میدان میں تحقیق، گرین انرجی کواریڈور کو مضبوط بنانے کیلئے ایک بلین یورو کا خرچ جرمنی کو ہندوستان میں غیر ملکی زبان کے طورپر فروغ دینے کا معائدہ بھی شامل ہے۔ اس وقت کیندریاودیالیہ میں زیر تعلیم 30 ہزار طلبہ کو اس معاہدہ کے تحت جرمن سکھائی جارہی ہے۔ ہندوستانی اور جرمنی نے انڈو۔ جرمن سیول سکیورٹی ریسرچ کے معاہدہ پر بھی دستخط کئے۔ وزیر فروغ انسانی وسائل پلم راجو نے بتایاکہ جرمنی میں اس وقت 4,500 ہندوستانی طلبہ زیر تعلیم ہیں جب کہ ہندوستان میں 800 جرمن طلبہ تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ جرمنی نے دہلی۔ ممبئی انڈسٹرئیل کواریڈور میں اپنی دلچسپی دکھائی ہے جس میں 8 نئے شہر صنعتی مراکز کے ساتھ قائم ہوں گے اس کے علاوہ 24 بڑے صنعتی مراکز ممبئی اور بنگلور کے درمیان قائم کرنے کی بھی تجویز ہے۔ جرمنی کے وزیر تجارت روزلر نے آنند شرما کو جرمن صنعت کاروں کی تشویش سے واقف کرایا کہ انہیں ہندوستان میں پیٹنٹ تحفظ نہیں دیا جارہا ہے۔ وزیراعظم کے ہمراہ قومی سلامتی مشیر ایم کے مینن بھی ہیں۔ سلمان خورشید نے کل اپنے ہم منصب سے باہمی بات چیت کی تھی جس کے اختتام پر دونوں ممالک نے توقع ظاہر کی کہ اس دورے کے بعد تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے مئی 2011ء میں ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔ اسی دوران منموہن سنگھ نے انجیلا مرکل کی جانب سے دئیے گئے عشائیہ میں شرکت کی، بعدمیں انہوں نے ایک ہندوستانی پروگرام میں بھی حصہ لیا۔ وزیراعظم کے دورے کا اہم مقصد یوروپی یونین کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں جرمنی کی تائیدو مدد حاصل کرنا ہے۔ 27قومی یوروپی گروپ ہندوستان کے ساتھ تجارت کے بہترین مواقع رکھتاہے۔

India, Germany sign 6 agreements

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں