آئی۔ایم۔ایف نے صومالیہ کی نئی حکومت کو تسلیم کر لیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-14

آئی۔ایم۔ایف نے صومالیہ کی نئی حکومت کو تسلیم کر لیا

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ( آئی ایم ایف) نے 22برسوں تک بے تعلق رہنے کے بعد کل صومالیہ کی نئی حکومت کو تسلیم کرلیا، تاہم آئی ایم ایف صومالیہ کو اس وقت تک قرضہ نہیں دے سکے گا جب تک وہ اپنے 352ملین امریکی ڈالر کا پرانا قرض واپس نہیں کرتا۔ صومالیہ میں صدر حسن شیخ محمد کا ایک سال پہلے انتخاب ہونے کے بعد یکے بعد دیگرے بین الاقوامی امدادی اداروں کی جانب سے صومالی حکومت کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے سلسلے کی یہ تازہ کڑی ہے۔ آئی ایم ایف کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف صدر حسن شیخ محمد کی سربراہی میں صومالیہ کی وفاقی حکومت کو تسلیم کرتا ہے جس سے 22 سال کے وقفے کے بعد ان کے تعلقات بحال ہوجائیں گے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ بین الاقوامی سطح پر صومالیہ کو تسلیم کرنے اور اس کی امداد کرنے کے مطابق ہے۔ تقریباً دو دہائیوں تک خانہ جنگی کا شکار رہنے کے بعد صومالیہ دوبارہ بحالی کی طرف گامزن ہے۔ ویسے تو صومالیہ اگست 1962ء سے آئی ایم ایف کا ممبرہے لیکن خانہ جنگی کے دوران وہاں کوئی حکومت ایسی نہیں تھی جس کے ساتھ کوئی تعلقات استوار رکھ سکتا۔ امریکہ نے سرکاری طورپر صومالیہ کو جنوری میں تسلیم کرلیا تھا۔

IMF recognizes Somali government after 22 years

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں