حزب اللہ کی مداخلت سے شام کی صورتحال سنگین - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-26

حزب اللہ کی مداخلت سے شام کی صورتحال سنگین

شام میں حزب اﷲ کی مداخلت نے صورتحال کو مزید پیچیدہ کردیا ہے۔ اس استدلال کے ساتھ شام کے اعتدال پسند اپوزیشن رہنما احمد معاذ الخطیب نے جنگجو لبنانی جماعت حزب اﷲ پر زور دیا ہے کہ وہ شام کے خونریز تنازعہ کو فرقہ وارانہ جنگ میں بدلنے سے بچانے کیلئے اسے اپنے جنگجوؤں کو وہاں سے واپس بلالے۔ متحدہ شامی اپوزیشن کے اس رہنمانے یہ باتیں حزب اﷲ کے رہنما حسن نصر اﷲ کے نام ایک مکتوب میں کہی ہیں جسے فیس بک پر پوسٹ کیا گیا ہے۔ حسن نصر اﷲ سے اس مکتوب میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے سیاسی اور سماجی اثر و رسوخ کو بروئے کار لاتے ہوئے اس تعلق سے مثبت رول ادا کریں۔ احمد معاذ الخطیب یو ٹیوب پر ایک خطاب میں بھی حسن نصر اﷲ سے کہا ہے کہ وہ حزب اﷲ کے جنگجوؤں کو تمام شامی علاقوں سے واپس بلالیں۔ الخطیب نے جنہیں شام میں خاصی عوامی تائید حاصل ہے، عالم اسلام کو فرقہ وارانہ تنازعات میں الجھانے کی کوشش کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام اور لبنان کے بعد ایران اور ترکی کو بھی لپیٹ میں لے لیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان لڑائیوں میں کسی کی جیت تو نہیں ہوگی البتہ خطے کے ممالک تباہ ہوجائیں گے۔ شامی اپوزیشن لیڈر نے ایک ہزار سال سے جاری شیعہ سنی تنازعے کو تنگ نظر فرقہ وارانہ سوچ قرار دیتے ہوئے اسے دفن کرنے پر زوردیا اور حزب اﷲ کو یاد دلایا کہ جولائی 2006ء میں شامی لوگوں نے لبنانی پناہ گزینوں کو خوش آمدید کہہ کر اسی جذبے کا مظاہرہ کیا تھا۔

Hezbollah Role In Syria Crisis

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں