گجرات ترقی - عالمی ادارہ نے مودی کے دعوؤں کی قلعی کھول دی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-11

گجرات ترقی - عالمی ادارہ نے مودی کے دعوؤں کی قلعی کھول دی

بی جے پی اور نریندر مودی بھلے ہی گجرات کی نام نہاد ترقی کا ڈھنڈورا پیٹ رہے ہوں مگر ایک عالمی ادارے نے یہاں ترقی کے کھوکھلے دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے۔ گلوبل ہائجین کونسل نے اپنی تازہ رپورٹ میں اس بات پر افسوس اورفکر مندی کا اظہار کیا ہے کہ گجرات میں اس سال جنوری سے اب تک سوائن فلو سے مرنے والوں کی تعداد دیگر ریاستوں کے مقابلے میں کہیں زیاہد ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ ایک روز قبل ہی گجرات ہائی کورٹ نے بھی مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے یاد دلایا تھا کہ وہ قبائلی علاقے بھی گجرات کا ہی حصہ ہیں جہاں لوگ سوائن فلو، ڈینگو، ملیریا اور دیگر وبائی امراض سے جوجھ رہے ہیں اور انہیں مناسب طبی سہولت تک دستیاب نہیں ہے۔ گجرات کے عمومی نظام صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے گلوبل ہائجین کونسل کی ہندوستانی اکائی کے نمائندے ڈاکٹر نریندر سائینی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہاکہ "گجرات کو ترقی یافتہ اور آگے بڑھتی ہوئی ریاست، کے طورپر پیش کیا جارہا ہے مگر حقیقت یہ ہے کہ گجرات میں سوائن فلو کے سبب اموات میں اضافہ ہورہا ہے جو اچھی علامت نہیں ہے"۔ انہوں نے بتایاکہ اس سال دہلی میں سوائن فلو کے 834 اور گجرات میں 816 معاملات سامنے آئے لیکن گجرات میں اس سے 158 اموات ہوئی ہیں جبکہ دہلی میں 16۔ انہوں نے کہاکہ "سہولیات کی کمی، وینٹی لیٹر کی عدم دستیابی اور مریض کو علیحدہ رکھنے کا انتظام نہ ہونا گجرات میں اموات میں اضافے کا سبب ہوسکتاہے۔

ایسے وقت میں جب بی جے پی مودی گجرات کی ترقی کے ماڈل کو ملک بھر میں نافذ کرنے کی بات کررہے ہیں یہ سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے کہ قحط زدہ سوراشٹرا کے دیہی علاقوں میں دلتوں کے نہر سے پینے کا پانی لینے پر بھی پابندی ہے۔ راجکوٹ کے کلکٹر نے بھی تسلیم کیا ہے کہ دور دراز دیہاتوں میں اس طرح کے واقعات ہوسکتے ہیں۔ نائب ضلع کلکٹر معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں۔ جسدن تحصیل کے چتلیا گاؤں کے دلتوں نے ضلع کلکٹر سے اس سلسلے میں باقاعدہ شکایت کی ہے۔

Gujarat lacks infra to contain Swine Flu: Global Hygiene Council

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں