مشرف پر غداری کا مقدمہ چلانے سے انکار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-23

مشرف پر غداری کا مقدمہ چلانے سے انکار

نگراں حکومت نے پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی سے انکار کردیا ہے۔ کارروائی سے انکار کا موقف پیش کرتے ہوئے وفاق نے کہاکہ آرٹیکل 6کے تحت کارروائی نگراں حکومت کے مینڈیٹ میں شامل نہیں ہے۔ اس موقف کے بعد عدالت نے سخت برہمی کاا ظہارکیا، اس موقع پر جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہاکہ کل آپ کہیں گے جرم کی ایف آئی آر درج نہیں ہوسکتی، ہم الیکشن میں مصروف ہیں، 8دن سے پوچھ رہے تھے لیکن آج سرکار نے بتادیا کہ کچھ نہیں کرنا، ماضی میں کچھ نہیں ہوا، آج یہ بھی پتا چل گیا کہ مستقبل میں بھی کچھ نہیں ہوگا۔ دوران سماعت جوائنٹ سکریٹری داخلہ نے سپریم کورٹ کو تحریری طورپر آگاہ کیا کہ فائل کے تحت مقدمہ کے اندراج کیلئے کوئی کارروائی شروع نہیں ہوئی ہے۔ اس موقع پر عدالت نے پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کی درخواست کی سماعت کل تک کیلئے ملتوی کرتے ہوئے کہاکہ پرویز مشرف کے وکلاء کا موقف کل سنا جائے گا۔ سپریم کورٹ کے حکم نامہ اور رجسٹرار کے فون کے باوجود سابق صدر اور فوجی سربراہ ریٹائرڈ پرویز مشرف کے وکلاء اپنے موکل سے ملاقات نہ کرسکے۔وکلاء کی پرویز مشرف سے ملاقات کیلئے رجسٹرار سپریم کورٹ نے بھی فون کیا تاہم وکلاء کی پرویز مشرف سے ملاقات نہ ہوسکی۔ سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری نے کہا ہے کہ انہیں پرویز مشرف سے ملنے نہیں دیا گیا، ہم سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پہلے پنجاب حکومت کا اجازت نامہ لے کر آئیں۔

Govt refuses to try Musharraf for treason

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں