ڈیجیٹل لٹریسی آج کے دور کی اہم ضرورت - کپل سبل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-24

ڈیجیٹل لٹریسی آج کے دور کی اہم ضرورت - کپل سبل

21ویں صدی میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے ہر حال میں تعلیم حاصل کرنی ہوگی اور "ڈیجیٹل لٹریسی" تو اب بے حد ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی وزیر برائے مواصلات کپل سبل نے اپنی رہائش گاہ پر پرانی دہلی کے مسلم اسکولی بچوں میں"آکاش" ٹیبلیٹ تقسیم کرنے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر دہلی کے وزیر توانائی ہارون یوسف اور آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈکے مولانا ولی رحمانی سمیت کئی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ کپل سبل نے اس موقع پر اپنی تقریر میں کہاکہ اب جلد ہی جدید ٹکنالوجی گاؤںگاؤں تک پہنچ جائے گی اور ٹیبلٹ کے ذریعہ گھر بیٹھا بچہ بہت کچھ کرسکتاہے۔ انفارمیشن ٹکنالوجی آج کے دور کی سخت ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ طاقتور بننے کیلئے تعلیم اور صحت بے حد ضروری ہے ان دونوں بنیادی چیزوں سے ہی انسان اور کوئی ملک طاقتور بنتا ہے۔ جب صحت اچھی ہوگی تو دماغ بھی صحت مند ہوگا اور انسان اچھی تعلیم اور ہنر حاصل کرے گا۔ اسی لئے سرکاری نے ان دونوں ہی شعبوں کیلئے بجٹ میں سب سے زیادہ پیسہ مختص کیا ہے۔ اردو کے تعلق سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اردو کو روزگار سے جوڑا جائے گا تاکہ اسے مزید فروغ مل سکے۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سکریٹری مولانا ولی رحمانی نے کہاکہ اسکولی بچوں میں ٹیبلیٹ تقسیم کرکے کپل سبل نے نہایت عمدہ قدم اٹھایا ہے اگر یہ ٹیبلیٹ تمام بچوں کے ہاتھ میں آجائے گا تو ترقی کی راہ بہت آسان ہوجائے گی۔ تعلیمی مصرف میں یہ چیز بہت ہی معاون ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ جدید ترین ٹکنالوجی کے ذریعہ ترقی آسان بھی ہے اور منزل کو قریب لانے کا بہترین ذریعہ بھی۔ انہوں نے کپل سبل کے اقدامات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ ہمارے مشوروں کو قبول کیا اور ان پر عمل کرنے کی کوشش بھی کی۔ دہلی کے وزیر تونائی ہارون یوسف نے کہاکہ آج کا دور جدید ٹکنالوجی کا دور ہے اور اسے نظر اندازکرکے کامیابی حاصل نہیں کی جاسکتی۔اس موقع پر شہر کی سرکردہ مسلم شخصیات نے شرکت کی۔

Digital Literacy dire need of today - Kapil Sibal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں