Congress compares Narendra Modi with Yamraj
مابعد گودھرا مسلم کش گجرات فسادات کا پھر مسئلہ اٹھاتے ہوئے کانگریس نے آج چیف منسٹر گجرات نریندر مودی کو نہایت جارحانہ انداز میںتنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں موت کا فرشہ "یمراج" قراردیا۔ پارٹی نے یہ اندیشہ ظاہر کیا کہ اگر نریندر مودی وزیراعظم بن جاتے ہیں تو سارے ہندوستان کو سنگین خطرات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایک دن قبل ہی نریندر مودی نے یہ کہتے ہوئے وزیراعظم بننے کی خواہش کی تھی کہ اب گجرات کا قرض ادا ہوگیا ہے اور اب ہندوستان کا باقی ہے۔ ان کے اس معنی خیز بیان کو کانگریس نے حیرت انگیز قرار دیا۔ مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات منیش تیواری نے کہاکہ مودی کا یہ بیان نہایت خطرناک معنی رکھتا ہے، شائد وہ گجرات کا تجربہ سارے ملک میں دہرانے کا ارادہ رکھتے ہوں۔ اگر واقعی ایسا ہے تو ہندوستان کبھی نریندری کو اس کی اجازت نہیں دے گا۔ اس ملک کا دستور، اصول اقدار اور روایت اس قدر مستحکم ہیں کہ مودی کا خواب کبھی پورا نہیں ہوسکتا۔ کانگریس کے ترجمان راشد علوی نے سی آئی آئی میں راہول گاندھی کے خطاب کا حوالہ دیتے ہوے کہاکہ راہول نے اپنے خطاب میں گھوڑے پر سوار ایک شہزادہ کی مثال دی تھی لیکن جہاں تک نریندر مودی کا سوال ہے وہ گھوڑے پر سوار شہزادہ کے مماثل نہیں بلکہ "بھینس پر بیٹھے ہوئے یمراج کی طرح ہیں"۔ نئی دہلی میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے راشد علوی نے راہول گاندھی کے خطاب کی وضاحت کی۔ مودی کو یمراج قرار دیتے ہوئے کانگریس نے پھر ایک مرتبہ موت کے سوداگر کی یاد تازہ کی ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں