لداخ میں پیچھے ہٹنے سے چینی فوج کا انکار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-25

لداخ میں پیچھے ہٹنے سے چینی فوج کا انکار

چین نے وادی ڈیپ سانگ میں جوں کا توں موقف بحال کرنے کیلئے ہندوستان کے مطالبہ کو نظر انداز کرتے ہوئے آج اپنے اس موقف پر اٹل رہا کہ اس کے سپاہیوں نے لداخ کے علاقہ میں حقیقی خط قبضہ کی خلاف ورزی نہیں کی ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ میں اس بات کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں کہ چین کے سرحدی سپاہی باہمی معاہدوںپر سختی سے کاربند ہیں اور حقیقی خط قبضہ پر چینی جانب معمول کی پٹرولنگ کررہے ہیں۔ انہوں نے کبھی بھی ایک قدم بھی حقیقی خط قبضہ کی خلاف ورزی نہیں کی۔ اس دوران دہلی میں فوج نے حکومت کو اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے مختلف راستوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ فوج نے مشیر قومی سلامتی کی زیر قیادت چین سے متعلق اسٹڈی گروپ کو چینی دراندازی کے بارے میں تفصیلات بتائیں۔ اس گروپ میں دفاع، داخلہ اور خارجہ کی وزارت کے سکریٹریز شامل ہیں۔ ہندوستان نے چین کے ساتھ تنازعہ کو نظر انداز کرنے کی کوشش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ جاریہ عمل سے کوئی حل نکل آئے گا۔ وزیر خارجہ سلمان خورشیدنے کہاکہ حقیقی خط قبضہ پر نقطہ نظر میں اختلافات کے باعث بعض مسائل پیدا ہوئے ہیں۔ ہمارے پاس ایک نظام ہے جو اس مسئلہ سے نمٹے گا۔ ایک اطلاع میں کہا گیا کہ لداخ میں دولت بیگ اولڈی سیکٹر میں مقبوضہ پوزیشن سے پیچھے ہٹنے سے چینی سپاہیوں کے انکار کے بعد چین کے دو فوجی ہیلی کاپٹرس نے لیہہ سے چند سو کیلو میٹر دور چومار کے علاقہ میں ہندوستانی ہوائی حدود کی خلاف ورزی کی جس سے موجودہ کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

China refuses to pull back troops from Ladakh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں