پارلیمنٹ بجٹ اجلاس کا دوسرا سیشن - ہنگامہ خیز رہنے کا امکان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-22

پارلیمنٹ بجٹ اجلاس کا دوسرا سیشن - ہنگامہ خیز رہنے کا امکان

اپوزیشن ایک وقفہ کے بعد پیر سے دوبارہ شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس میں حکومت کو درکنار کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ بی جے پی اور دوسری اپوزیشن جماعتوں نے 2G اسکام سے متعلق جے پی سی رپورٹ کے مسودہ کے دانسہ افشاء اور کوئلہ اسکام پر سی بی آئی کی رپورٹ میں وزارت قانون کی چھیڑ چھاڑ کا مسئلہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ احتجاجی اپوزیشن الزام لگارہی ہے کہ 2G اسکام کے بارے میں رپورٹ میں پردہ پوشی کی گئی ہے اور وزیراعظم منموہن سنگھ اور وزیر فینانس پی چدمبرم کو کلین چٹ دینے کیلئے اسے تیار کیا گیا۔ اس مسئلہ پر پہلے ہی ایک سیاسی طوفان پیدا ہوچکا ہے۔ سیاسی ماحول کافی گرم ہے کیونکہ سابق ٹیلی کام وزیر اے راجہ نے ادعا کیا ہے کہ 2G اسپکٹر اسکام پر تمام فیصلے وزیراعظم سے مشاورت کے ساتھ کئے گئے۔ بی جے پی، جے پی سی کے صدرنشین پر حکومت کو بچانے کی کوشش کا الزام لگایا ہے۔ قومی دارالحکومت میں 5سالہ لڑکی کی عصمت ریزی اور اس کے ساتھ ہوئی بربریت پر توقع ہے کہ حکمران جماعت کے ارکان بھی اپوزیشن کے ساتھ تشویش میں برابر کے شریک ہوں گے اور اس حوالہ سے حکومت پولیس اصلاحات پر زور دے گی۔ مشترکہ پارلیمانی کمیٹی( جے پی سی) کے صدرنشین پی سی چکو کی جانب سے تحقیقاتی نتائج کی مدافعت نے اپوزیشن کو برہم کردیا ہے۔ بی جے پی نے رپورٹ کو یکسر مسترد کردیا اور دیگر جماعتوں سے بھی اسی رویہ کی اپیل کی اور کہا کہ وہ کئی بلس کی تائید نہیں کرے گی جس کیلئے حکومت نے اس سے تعاون کی خواہش کی ہے۔ کوئلہ بلاکس کی حوالگی پر سی بی آئی کی رپورٹ میں وزارت قانون پر مداخلت کا الزام ہے۔ اپوزیشن یہ دونوں مسائل سیشن کے پہلے ہی دن اٹھائے گی۔

Budget second Session of Parliament likely to be turbulent

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں