وزیر اعظم سے استعفیٰ دینے بی۔جے۔پی کا مطالبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-24

وزیر اعظم سے استعفیٰ دینے بی۔جے۔پی کا مطالبہ

پارلیمنٹ میں آج دوسرے دن بھی کوئی کام کاج نہیں ہوسکا، جبکہ بی جے پی نے کوئلہ اسکام اور 2G اسکام پر وزیراعظم منموہن سنگھ سے استعفیٰ اور وزیر قانون اشونی کمار کی برطرفی کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت پر حملوں میں شدت پیدا کردی۔ دونوں ایوانوں میں کارروائی متاثر رہی جبکہ ایس پی ارکان نے لداخ میں چین کی دراندازی پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ترنمول کانگریس نے مغربی بنگال کے ساتھ سوتیلے سلوک کا مرکز پر الزام لگایا۔ لوک سبھا کو وقفہ سوالات کے دوران ایک التواء کے بعد دن بھر کیلئے ملتوی کردیا گیا جبکہ راجیہ سبھا میں دوپہر 2بجے تک دو التواء عمل میں آئے اور بالآحر اپوزیشن ارکان کی وسط ایوان میں نعرہ بازی کے نتیجہ میں اسے دن بھر کیلئے ملتوی کرنا پڑا۔ کوئلہ اسکام پر سپریم کورٹ کو پیش کردہ سی بی آئی رپورٹ کی تیاری میں اشونی کمار کی مداخلت کاالزام لگاتے ہوئے بی جے پی نے وزیراعظم سے استعفیٰ اور وزیر قانون کو برطرف کرنے کامطالبہ کیا۔ ڈی ایم کے نے 2G مسئلہ اٹھایا اور مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے صدرنشین کی حیثیت سے پی سی چکو سے استعفیٰ کی مانگ کی۔ دونوں ایوانوں کا اجلاس جیسے ہی شروع ہوا بی جے پی جارحانہ موڈ میں نظر آئی جہاں اُس کے ارکان پردھان منتری استعفی دو اور قانون منتری کو برخاست کرو، کے نعرے لگاتے ہوئے ایوان کے وسط میں پہنچ گئے۔ یو این آئی کے بموجب بی جے پی ترجمان جاویڈکر نے پارلیمنٹ کے باہر اخباری نمائندوں سے کہاکہ یوپی اے سرکار گھپلوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کوئلہ الاٹمنٹ گھپلہ میں حکومت سی بی آئی پر دباؤ ڈال رہی ہے اور ٹوجی اسپکٹرم گھپلہ میں جے پی سی کی رپورٹ پر اپوزیشن ارکان کی رائے لئے بغیر ہی رپورٹ تیار کرکے وزیراعظم اور وزیر مالیات کو اس میں بھی کلین چٹ دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ ان دونوں معاملوں میں یہ حکومت گھپلوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرکے ملک کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ کوئلہ گھپلہ میں ڈاکٹر سنگھ ملوث ہیں اور انہیں بچانے کیلئے حکومت سی بی آئی پر دباؤ ڈال رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیراعظم کے ساتھ ہی وزیر اشونی کمار سی بی آئی کے کام میں مداخلت کررہے ہیں اس لئے بی جے پی کو ان دونوں کے استعفیٰ کے سوا کچھ منظور نہیں ہے۔ اپوزیشن کے حملوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آج کول گیٹ مسئلہ پر وزیراعظم منموہن سنگھ کے استعفیٰ کا مطالبہ مسترد کردیا۔ سونیا گاندھی سے کانگریس کور گروپ کے ایک اجلاس کے بعد جب اس مسئلہ پر صحافیوں نے ردعمل جاننا چاہا تو انہوں نے سختی سے جواب دیتے ہوئے کہاکہ "ان ہی سے پوچھیں"۔ مسز گاندھی نے اپوزیشن کے الزامات پر کل بھی جارحانہ موڈ کا اشارہ دیا تھا۔ انہوں نے این ایس یو کے قدیم ارکان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کارکنوں سے خواہش کی کہ وہ اپوزیشن کو منفی تاثرات کی تشہیر کرنے کا موقع نہ دیں۔ انہوں نے کہا "آپ کو ان (اپوزیشن) سے پوچھنا چاہئے کہ ملک کے حالات کو بدلنے آپ نے کیا کیاہے؟ مجھے یقین ہے ان کے پاس کوئی واجبی جواب نہیں ہوگا"۔ وزیر پارلیمانی امور کمل ناتھ نے بھی وزیراعظم سے استعفیٰ کے مطالبہ کو غیر واجبی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ انہوں نے کہاکہ اہم مسائل سے توجہ ہٹانے بی جے پی انحرافی سیاست پر عمل پیرا ہے۔

Coalgate: BJP demands PM's resignation, Sonia replies 'let them ask'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں