بوسٹن ائرپورٹ پر وزیر اترپردیش اعظم خان سے اضافی پوچھ تاچھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-26

بوسٹن ائرپورٹ پر وزیر اترپردیش اعظم خان سے اضافی پوچھ تاچھ

اترپردیش کے وزیر،اعظم خان کو بوسٹن انٹرنیشنل ایرپورٹ پر پوچھ تاچھ کیلئے کچھ دیر حراست میں رکھا گیا۔ اعظم خان امریکہ کی ہارورڈ یونیورسٹی کی ایک تقریب میں شرکت کیلئے چیف منسٹر اکھلیش یادو کے ساتھ دورہ کررہے ہیں۔ متعلقہ ذرائع نے بتایاکہ اعظم خان کو بوسٹن انٹرنیشنل ایرپورٹ پر کل اس وقت مزید پوچھ تاچھ کیلئے10منٹ روکا گیا جب وہ ہندوستان سے برٹش ایرویز کی فلائٹ کے ذریعہ پہنچے۔ وزیر شہری ترقی اعظم خان، اکھلیش یادو کے ساتھ کیمریج میسچوسٹ کی ہاروڈ یونیورسٹی میںجنوبی ایشیاء کے تعلق سے ایک سمپوزیم میں شرکت کیلئے دورہ کررہے ہیں۔ جہاں وہ الہ آباد میں ہونے والی عالمی شہرت یافتہ کمبھ میلے کے بارے میں ایک جائزہ پیش کرنے والے ہیں۔ ذرائع نے بتایاکہ جب دورہ کنندہ ٹیم ایرپورٹ پہنچی، امیگریشن اور بارڈر پروٹیکیشن عہدیداروں نے خیر سگالی اور احترام کے ساتھ ارائیول فارم بھرنے میں ان کی مدد کی۔ نیویارک میں قونصل خانہ کے عہدیدار انہیں اپنے ساتھ لے گئے اور داخلہ کیلئے کلیرنس ملنے کے بعد ہوم لینڈ سکیورٹی کی کسٹم اینڈ بارڈر پروٹکشن ونگ کی ایک خاتون آفیسر اعظم خان کو مزید پوچھ تاچھ کیلئے ایک متصل کمرہ میں لے گئی۔ یہ انٹرویو 10منٹ چلا جس کے بعد وزیر کوکلیرنس دیا گیا۔ سابق میں امریکی ایرپورٹس پر اہم ہندوستانی شخصیتوں کو روکنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔ گذشتہ سال بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کو نیویارک اور ایرپورٹ امیگریشن حکام نے زائد از 2گھنٹوں تک حراست میں رکھا۔ سابق صدر جمہوریہ اے پی جے عبدالکلام کو نیویارک کے جے ایف کے ایرپورٹ پر جامعہ تلاشی دینی پڑی۔ سابق ہندوستانی سفیر برائے امریکہ میرا شنکر کے ساتھ دسمبر 2010ء میں ایسا واقعہ پیش آیاتھا۔ اس واقعہ پر برہم اعظم خان نے مبینہ طورپر امیگریشن ایریا میں گڑ بڑ کی اور کہاکہ وہ انہیں اس لئے روکا گیا کہ کیونکہ وہ ایک مسلمان ہیں۔ انہوں نے آفیسر سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا جس پر آفیسر نے کہاکہ وہ صرف اپنی ڈیوٹی کررہے ہیں۔ ایک مرحلہ پر بحث کافی تیز ہوگئی اور آفیسر نے انہیں ڈیوٹی انجام دینے پر گالی گلوج کی شکایت درج کرانے کی دھمکی دی۔ آفیسر نے وزیر کو یہ بات سمجھانے کی کوشش کی کہ اضافی انٹرویو یا سال جواب کو توہین یا شبہ کی حیثیت سے نہیں دیکھنا چاہئے۔ انہوں نے وزیر سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا۔ اعلیٰ حکام نے مداخلت کی اور اعظم خان کو ایرپورٹ سے باہر لے جایا گیا۔ دورہ کنندہ ٹیم اپنی مصروفیات کے بعد کل شام نیویارک واپس لوٹنے والی ہے اور ہفتہ کو وہ برٹش ایرویز کی فلیٹ کے ذریعہ ہندوستان واپس آنے والی ہے۔

UP minister Azam Khan briefly detained, questioned at Boston airport

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں