ضیا الحق قتل کیس - سی بی آئی سراغ کے حصول میں ناکام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-11

ضیا الحق قتل کیس - سی بی آئی سراغ کے حصول میں ناکام

اترپردیش کے ڈپٹی سپرنٹینڈنٹ آف پولیس ضیاء الحق اور 2 دیگر افراد کے قتل کے معاملہ میں سراغ حاصل کرنے میں رکاوٹوں کے درپیش سی۔بی۔آئی نے الہ آباد / لکھنؤ شاہراہ پر واقع کندہ موضع میں ایک کیمپ دفتر قائم کیا ہے اور کیس کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔
ضیاء الحق اور 2 دیگر افراد کے سنسنی خیز قتل کا معاملہ سی۔بی۔آئی کے سپرد کیا گیا تھا۔ لہذا اس نے کندہ پنچایت بھون میں کیمپ دفتر قائم کرتے ہوئے عوام سے معلومات مہیا کرنے کی اپیل کی ہے۔ ایجنسی محسوس کرتی ہے کہ خاموشی کے لیے دیہاتیوں پر بہت زیادہ دباؤ ہے۔
مقامی رکن اسمبلی رگھو راج پرتاب سنگھ عرف راجہ بھیا کے خلاف عدالتوں اور پولیس اسٹیشنوں میں 16 کیسز زیر التوا ہیں۔ وہ ضیا الحق قتل کیس کے ایک ملزم بھی ہیں۔ ایک بھی گواہ حاصل کرنے سے قاصر رہنے کے بعد سی۔بی۔آئی نے ایک ٹیلی فون نمبر اور ایک ایمیل ایڈریس جاری کرتے ہوئے عوام سے کہا ہے کہ وہ ضیا الحق اور دیگر دو دیہاتیوں نانے یادو اور سریش یادو کے 2/مارچ کے قتل کے بارے میں تفصیلات مہیا کرے۔ سی۔بی۔آئی نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ تحقیقات میں مدد پر انہیں کسی ہراسانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
سینئر پولیس آفیسر ضیاءالحق نے ، جنہیں سیاست داں راجہ بھیا کے حلقے میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ، 6 ماہ قبل ہی رکن اسمبلی کے خلاف 47 کیسوں کی ایک فہرست تیار کی تھی۔ ان 47 کیسوں میں ان کے خلاف قتل کی سازش اور غنڈہ ایکٹ کے مختلف دفعات کے تحت الزامات لگائے گئے تھے۔

No clues found by CBI in Zia ul Haq probe

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں