کرن کمار حکومت کو گرانا - مجلس کی اولین ترجیح - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-16

کرن کمار حکومت کو گرانا - مجلس کی اولین ترجیح

کل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی کی زیر قیادت حکومت کو عوام دشمن قراردیتے ہوئے اسے جتنا جلد ہو سکے اقتدار سے محروم کرنے اپنی مساعی کو جاری رکھنے کا عزم کیا اور اس حکومت کے خلاف ریاستی اسمبلی میں ٹی آرایس کی پیش کردہ تحریک عدم اتماد جس کی تائید بی جے پی بھی کر رہی ہے سے دور رہنے کا فیصلہ کیا۔ پارٹی کے صدر و رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسد الدین اویسی نے قائد مجلس لیجسلیچر پارٹی جناب اکبر الدین اویسی اور پارٹی کے دیگر ارکان اسمبلی مسرس سید احمد پاشاہ قادری، ممتاز احمد خان، محمد مقتدا افسرخان، محمد وراثت رسول خان، محمد معظم خان، احمد بلعلہ اور سید امین الحسن جعفری کے ساتھ پارٹی ہیڈ کوارٹر دارالسلام پر ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے اس موقف کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ پہلا موقع ہے کہ حکومت کے خلاف پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد میں سب سے بڑی اپوزیشن جماعت (تلگودیشم پارٹی) شامل نہیں ہے ۔ انہوں نے اس تحریک کو "فضول سرگرمی" سے تعبیر کرتے ہوئے کہاکہ اس تحریک کے ذریعہ حکومت کو ایک نئی زندگی دی جا رہی ہے اس لئے کہ پارلیمانی قواعد کے مطابق آئندہ 6ماہ تک حکومت کے خلاف کوئی نئی تحریک عدم اعتماد پیش نہیں کے ی جاسکتی۔ صدر مجلس نے یہ واضح کیا ہے کہ نومبر 2012ء میں مجلس نے ریاست میں کانگریس حکومت اور مرکز میں یوپی اے کے ساتھ اصولی طورپر اپنے تعلق کو ختم کر لیا ہے ۔ یہ موقف آج بھی جاری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا جو جذبہ ہے مجلس اس کے ساتھ ضرور ہے اس لئے کہ مجلس اس حکومت کو عوام دشمن مانتی ہے لیکن جہاں تک اس تحریک کے بارے میں موقف کا سوال ہے مجلس اس سے خود کو دور رکھے گی۔ انہوں نے بتایاکہ گذشتہ 2سال سے کرن کمار ریڈی کی حکومت ریاست کے عوام کیلئے معاون و مددگار نہیں ہے ۔ اس حکومت نے سیکولر مزاج کو نقصان پہنچایا ہے اور فرقہ پرست عناصر کی مدد کی ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں