عام بجٹ برائے سال 2013 کی پارلیمنٹ میں پیشکش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-01

عام بجٹ برائے سال 2013 کی پارلیمنٹ میں پیشکش

انتخابات کو پیش نظر رکھتے ہوئے وزیر فینانس پی چدمبرم نے آج عام بجٹ برائے سال 2013-14 پارلیمنٹ میں پیش کیا جس میں کسی طرح کی ٹیکس مراعات کی پیشکش نہیں کی گئی۔ اس کے برعکس دولت مند ترین افراد پر سر چارج لگایا گیا اور موبائل فونس، سگریٹس و امپورٹیڈ لکژری وہیکلس پر ڈیوٹی پر اضافہ کیا گیا۔ بجٹ میں 50 لاکھ روپئے سے زائد مالیاتی جائیداد کی فروخت پر ٹی ڈی ایس( ٹیکس) متعارف کیا گیا ہے ۔ یوپی اے IIکا آخری بجٹ وزیر فینانس نے ایسے وقت پیش کیا جبکہ آئندہ سال عام انتخابات ہونے والے ہیں ۔ اس بجٹ میں مسلمانوں کیلئے کچھ خاص نہیں ہے ۔ انہوں نے ترقی کی ضروریات اور موجودہ مالی صورتحال کے مابین ایک توازن قائم کرنے کی کوشش کی ہے اور سماجی شعبہ میں مصارف میں اضافہ کے پیش نظر سبسیڈیز پر کمی کیلئے بھی خاطر خواہ اقدامات کئے ہیں ۔ بجٹ میں جی ڈی پی کا 4.8 فیصد مالیاتی خسارہ پیش کیا گیا۔ دفاعی شعبہ کیلئے گذشتہ سال کے مقابلہ 14فیصد اضافہ کرتے ہوئے 2,03,672 کروڑروپئے مختص کئے گئے ۔ انکم ٹیکس کی شرحوں اور بنیادی سلاب میں کسی طرح کی تبدیلی کے بغیر چدمبرم نے ایسے انفرادی ٹیکس دہندگان کو جو 5لاکھ روپئے تک کی آمدنی پر ٹیکس ادا کرتے ہیں دوہزار روپئے کی راحت فراہم کی ہے ۔ اس سے 1.8 کروڑٹیکس دہندگان کوفائدہ ہو گا اور حکومت کو 3,600 کروڑروپئے مالیاتی خسارہ برداشت کرنا ہو گا۔ پہلی مرتبہ مکان خریدنے والوں کو 25لاکھ روپئے سے زائد ہوم لون پر ایک لاکھ روپئے شرح سود پر کمی کی جائے گی اور 15لاکھ روپئے تک ہوم لون پر یہ کمی 1.5 لاکھ روپئے ہو گی۔ بجٹ سے قبل دولت مند ترین افراد پر محاصل کے بارے میں کافی چرچے تھے ۔ وزیر فینانس نے ایسے دولت مند ترین افراد پر جن کی آمدنی ایک کروڑروپئے سے زائد ہو انہیں 10فیصد سرچارج ادا کرنا ہو گا۔ اسی طرح ڈومیسٹک کارپوریٹ اداروں پر جن کی قابل ٹیکس آمدنی 10کروڑروپئے ہو، سرچارج کو 5سے بڑھا کر 10 فیصد کر دیا گیا ہے ۔ غیر ملکی کمپنیوں کو موجودہ 2سے بڑھا کر 5فیصد سرچارج ادا کرنا ہو گا۔ وزیر فینانس نے یہ تجویز پیش کی کہ یہ سرچارجس صرف ایک سال کیلئے ہوں گے جبکہ تمام ٹیکس دہندگان کیلئے ایجوکیشن سیس برقرار رہے گا۔ حکومت کی جان سے موبائیلس، سگریٹس اور ایس یو وی پر ڈیوٹیز میں اضافہ سے سال 2013-14ء میں 18ہزار کروڑروپئے کی زائد آمدنی ہو گی۔ پی چدمبرم نے بجٹ تقریر میں کہا کہ ٹیکس تجاویز کی بنیاد پر راست محاصل کے ذریعہ 13,300 کروڑروپئے اور بالواسطہ محاصل سے 4,700 کروڑروپئے آمدنی کی توقع ہے ۔ دولت مند ترین افراد پر اضافی ٹیکس کا حوالہ دیتے ہوئے چدمبرم نے کہاکہ مسٹر عظیم پریم جی (وپرو) کی طرح کا جذبہ ہر دولت مند ترین ٹیکس دہندہ میں ہونا چاہئے ۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ جب اس خوشحال طبقہ سے وہ خواہش کریں گے کہ ایک سال کیلئے کسی قدر اضافی بوجھ برداشت کریں تو انہیں یقین ہے کہ خوشی کے ساتھ وہ اس تجویز کو قبول کر لیں گے ۔ وزیر فینانس نے سگریٹ نوشی کرنے والوں پر اضافی بوجھ عائد کرتے ہوئے سگریٹس پر 18فیصد اکسائز ڈیوٹی بڑھادی۔ انہوں نے ایرکنڈیشنڈ ریسٹورنٹ پر بھی ٹیکس میں اضافہ کیا ہے ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں