مہارشٹرا اسمبلی میں پولیس افسر کی پٹائی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-20

مہارشٹرا اسمبلی میں پولیس افسر کی پٹائی

منگل کو مہاراشٹرا سمبلی کا وقار اس وقت بری طرح مجروح ہوا جب عوام کے ذریعہ قانون سازی کیلئے منتخب کئے گئے چند اراکین نے ودھان بھون کے اندر قانون کی دھجیاں بکھیر دیں ۔ وسنی کے ایم ایل اے شتیج ٹھاکور(بہو جن وکاس اگھاڑی)، رام کدم(ایم این ایس) اور چند دیگر اراکین نے مبینہ طورپر اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر سچن سوریہ ونشی کو ودھان بھون کی پہلی منزل پر وزیٹرس گیلری سے کھینچ کر نکالا اور اس لئے بری طرح پیٹا کہ اس نے ایک رکن اسمبلی سے تیز رفتاری سے کار چلانے پر جرمانہ وصول کرنے کی جرأت کی تھی اور ان کے بقول رکن اسمبلی کے ساتھ بدتمیزی سے پیش آیا تھا۔ سوریہ ونشی کو فوری طورپر اسٹریچر پر ڈال کر سینٹ جارج ہاسپٹل لے جایا گیا جہاں سے جے جے ہاسپٹل منتقل کر دیا گیا۔ اس حادثے کے بعد ودھان بھون کا ماحول گرم ہو گیا۔ اراکین اسمبلی کے ہاتھوں ودھان بھون میں ایک پولیس افسر کی پٹائی کا نوٹس لیتے ہوئے ریاست کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس سنجیو دیال کی قیادت میں آئی پی ایس افسران نے فوری طورپر وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس میٹنگ میں اراکین کے رویے کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ بہرحال میٹنگ میں کیا ہوا اس کے تعلق سے سرکاری طورپر کچھ بھی نہیں کہا گیا۔ واضح رہے کہ بہو جن وکاس اگھاڑی جو کانگریس کی اتحاد ہے کے رکن اسمبلی شتیج ٹھاکور نے ایوان میں مراعات شنکنی کا نوٹس پیش کرتے ہوئے بتایاکہ پیر کو وسنی سے ودھان بھون آتے ہوئے ورلی سی لنک پر تعینات سوریہ ونشی نے ان کی گاڑی روکی، قانون شکنی کا الزام عائد کرتے ہوئے جرمانہ عائد کیا اور یہ بتانے پر کہ وہ ایم ایل ہیں یہ کہہ کر بدتمیزی کی کہ "ایم ایل اے ہوں گے اپنے گھر کے "۔ اس پر اراکین اسمبلی نے ٹھاکور کی حمایت کرتے ہوئے مذکورہ افسر کی معطلی کامطالبہ کیا۔ وزیراعلیٰ پرتھوی راج چوہان نے بھی اس واقعہ کی شدید مذمت کی ہے ۔ پولیس افسر کی پٹائی میں رکن اسمبلی رام کدم کے پیش پیش رہنے پر ایم این ایس کے گروپ لیڈر بالا نند گاؤنکر نے ودھان بھون میں اخباری نمائندوں کو بتایاکہ کدم کو نوٹس دیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ راج ٹھا کرے نے کہا ہے کہ قصور وار اراکین اسمبلی کے خلاف کار روائی ہونی چاہئے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اسپیکر کی جانب سے ممکنہ کار روائی کے علاوہ ان کی پارٹی خود بھی کدم کے خلاف کار روائی کرے گی۔ یاد رہے کہ رام کدم پر ہی ایوان اسمبلی میں ابو عاصم اعظمی پر بھی ہاتھ اٹھانے کا الزام ہے ۔

Uproar in Maharashtra Assembly after MLAs assault policeman

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں