ایک بار حج کرنے کی شرط میں نرمی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-22

ایک بار حج کرنے کی شرط میں نرمی

وزارت خارجہ نے بعض مخصوص حالات میں حج کمیٹی کے ذریعہ زندگی میں صرف ایک بار حج کرنے کی شرط کو نرم کردیا ہے۔ ہندوستانی حج کمیٹی کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ محرم اور 70 سال سے زیادہ کی عمر کے عازم حج کی مدد کیلئے ان کے ہمراہ جانے والے کسی شخص کیلئے جو پہلے حج کرچکا ہو یہ لازم ہوگاکہ وہ ہوائی سفر کے سارے مصارف خود برداشت کرے اور حج سبسیڈی سے مستفید نہ ہو۔ اسی طرح یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ دوبارہ حج کرنے والے ایسے عازمین کیلئے ایک علیحدہ حلف نامہ کے ذریعہ یہ وضاحت کرنی ہوگی کہ ایسا کوئی محرم یا رفیق جس نے اس سے پہلے حج کمیٹی کی توسط سے حج نہ کیا ہو، دستیاب نہیں ہے اور بزرگ یا خاتون عازم حج شہری ہوابازی وزارت کی مقرر کردہ فضائی سفر کا پورا کرایہ ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ اگر خاتون عازم حج یا 70 سال سے زیادہ عمر کے حاجی اپنا سفر حج منسوخ کرتے ہیں تو ان کے ہمراہ دوسری بار جانے والے ایسے عازمین کی نشستیں خود بخود منسوخ ہوجائیں گی۔ اگر کسی خاتون یا 70 سال سے زیادہ کے عازم حج نے ایسے محرم یا رفیق حج کے ساتھ (جس نے حج کمیٹی کے توسط سے پہلے حج نہ کیا ہو) پہلے سے درخواست دے رکھی ہے تو انہیں ان کی جگہ پر دوبارہ حج کرنے والے محرم یا رفیق حج کے نام شامل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ بیان کے مطابق حج 2013ء کے تمام زمروں کیلئے درخواست فارم جمع کرنے کی تاریخ بڑھاکر30 مارچ کردی گئی جس کے پاسپورٹ کی معیاد 31مارچ 2014ء تک ہو، حج کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔

Relaxation in one time hajj condition

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں