سنجے دت نے دل شکستگی سے سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول کیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-22

سنجے دت نے دل شکستگی سے سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول کیا

اداکار سنجے دت نے جنہیں ممبئی سلسلہ وار بم دھماکوں کے کیس میں مزید ساڑھے تین سال جیل میں گزارے ہیں‘ آج کہا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد دل شکستہ اور شدید جذبات تکلیف میں ہیں۔ انہوں نے میڈیا کو ایک جذباتی بیان دیتے ہوئے کہاکہ میں 20 سال سہہ چکا ہوں اور 18ماہ جیل میں گذارے ہیں اگر وہ چاہتے کہ میں مزید تکلیف اٹھاؤں تو مجھے مضبوط بننا پڑے گا۔ آج میرا دل ٹوٹا ہوا ہے کیونکہ میرے ساتھ میرے تین بچے‘ میری بیوی اور میرے خاندان کو بھی یہ سزا بھگتنی ہوگی۔ میں نے ہمیشہ عدالتی نظام کا احترام کیا ہے اور اپنی آنکھوں میں آنسوؤں کے ساتھ بھی ایسا کرتا رہوں گا۔ ایک ایسے وقت جب کہ اندازً250 کروڑ روپئے بالی ووڈ فلمسٹار کی فلموں پر لگے ہوئے ہیں انہوںنے کہاکہ وہ تمام فلموں کو مکمل کریں گے اور کسی کو مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ میرے فیانس‘ انڈسٹری کے لوگوں‘ میڈیا اور بہی خواہوں کی تائید سے وہ بہت متاثر ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا اور میری تائید کی ہے۔ میرے دل کو معلوم ہے کہ میں ہمیشہ ایک اچھان انسان رہا۔ سسٹم کا احترام کیا اور ہمیشہ ملک کا وفادار رہا۔ اس دوران اداکار سنجے دت کی بہن و رکن پارلیمنٹ پریہ دت سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد روپڑیں۔ میڈیا کے سوالوں پر انہوں نے کہاکہ انہیں کچھ سمجھ نہیں آرہا ہے وہ کیا کہیں۔ سنجے دت کے وکیل نے کہاکہ ان کے موکل نے فیصلہ کو قبول کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ ایک مضبوط شخص ہیں اور سزا بھگتنے کیلئے تیار ہیں۔ ماہرین قانون کے مطابق سنجے دت کے پاس درخواست نظر ثانی کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔

Sanjay Dutt was very tense but accept the SC verdict

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں