Patancheru Industrial Park – CM laid foundation stone
وزیراعلیٰ کرن کمار ریڈی نے ضلع میدک کے حلقہ اسمبلی پٹن چیرو کے موضع نندی گاما پہنچ کر 100ایکڑ اراضی پر فرینڈلی گرین انڈسٹریل پارک کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کہاکہ ایلف لیڈی انٹرپرینورس آف آندھراپردیش کے زیر اہتمام خواتین کیلئے 200کروڑ روپئے لاگتی گرین انڈسٹریل پارک کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت کی جانب سے کئی ایک ترقیاتی کام انجام دیتے ہوئے انہیں روزگار سے مربوط کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پٹن چیرو، منڈل کے موضع نندی گاما میں 100 ایکڑ اراضی پر 190 انڈسٹریز میں 12000 خواتین کو روزگار حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ خواتین انڈسٹریز کے قیام کیلئے ریاستی سطح پر ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لاتے ہوئے ہر ضلع میں خواتین انڈسٹریز کا قیام عمل میں لانے کی سعی کی جائے گی۔ ریاستی سطح پر 4ہزار کروڑ روپئے کے بلاسودی قرضہ جات خواتین میں تقسیم کرنے کا منصوبہ ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے علیحدہ علیحدہ طورپر خواتین کا خصوصی بینک ایک ہزار کروڑ روپئے سے شروع ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی سطح پر انڈسٹریز کا قیام کئی مقامات پر ہورہا ہے اور فائدہ مند بھی ثابت ہورہا ہے۔ مزید فیکٹریز بھی جلد قائم ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ مقامی افراد فیکٹریز کے قیام میں تعاون کریں اور فیکٹریز کے عہدیدار پہلی ترجیحی مقامی بے روزگاروں کو دیتے ہوئے روزگار فراہم کریں۔ حکومت بے روزگاری دور کرنے ہر طرح کے اقدامات کررہی ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں